بالی ووڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل نے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام نہ کرنے وجہ بتا دی۔
امیشا پٹیل نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ یش چوپڑا اور سنجے لیلا بھنسالی سمیت کئی نامور فلم سازوں نے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا لیکن وہ اپنے منیجر کی وجہ سے ان سنہری مواقع سے محروم رہیں۔
اُنہوں نے سنجے لیلا بھنسالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان سے میری ایک بہت اچھے پروجیکٹ کے لیے بات چیت ہوئی لیکن میں یہاں اس پراجیکٹ کا نام نہیں لوں گی کیونکہ اب وہ فلم بن چکی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ بدقسمتی سے اس وقت میرے منیجر اور سنجے لیلا بھنسالی کے آپس میں اختلافات تھے اور پھر جب میں نے اپنے منیجر کو تبدیل کیا تو سنجے لیلا بھنسالی نے مجھے بتایا کہ وہ میرے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے لیکن وہ میرے منیجر کے ساتھ بات نہیں کرنا چاہتے تھے۔
امیشا پٹیل نے بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی کے علاوہ یش راج فلمز، ساجد ناڈیاڈوالا اور دیگر نے بھی منیجر تبدیل ہونے کے بعد مجھے بتایا کہ ہم منیجر کی وجہ سے آپ سے رابطہ کرنے سے بہت ڈرتے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس طرح میں نے بہت سے امید افزاء پروجیکٹس اور کئی نامور ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کے ساتھ کام کرنے کے مواقع کو بدانتظامی کی وجہ سے کھو دیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہی میری تقدیر تھی۔
امیشا پٹیل نے انکشاف کیا کہ میں انجانے میں اسی بدانتظامی کی وجہ سے شاہ رخ خان کی فلم ’چلتے چلتے‘ میں کام کرنے سے بھی محروم رہی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب ڈائریکٹر عزیز مرزا اور شاہ رخ خان نے مجھے خود ڈبنگ اسٹوڈیو میں مدعو کیا تو مجھے معلوم ہوا کہ میں نے انجانے میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع گنوا دیا ہے۔