امریکا، اٹلی اور اسپین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اموات کی مجموعی تعداد 27 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔
اٹلی میں حالات قابو سے باہر
اٹلی میں گزشتہ روز 919 اموات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ برس دسمبر میں منظر عام پر آنے کے بعد کورونا کے باعث دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
دنیا کے بڑے سیاحتی ممالک میں شامل اٹلی میں عالمگیر وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار 134 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 86 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی
اسپین میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور وہاں بھی مزید ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ہسپانیہ میں اب تک شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے 9 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے باعث متاثر ہو چکے ہیں اور گزشتہ روز 8 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعدوہاں متاثر ہ افراد کی تعداد 67 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
چین کے شہر ووہان میں سرگرمیاں جزوی بحال
دوسری جانب چین میں مقامی سطح پر کسی بھی شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی لیکن بیرون ممالک سے سفر کر کے آنے والے افراد میں کورونا وائرس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جو سب کے سب بیرون ملک سے آئے تھے جب کہ اس سے ایک روز قبل بھی چین میں 55 کیسز سامنے آئے تھے جس میں سے صرف ایک مقامی سطح پر جب کہ 54 بیرون ملک سے منتقل ہوئے تھے۔
چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 81 ہزار 394 تک پہنچ گئی ہے جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 295 ہو گئی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق حکام نے تین ماہ سے لاک ڈاؤن میں رکھے گئے شہر ووہان میں سرگرمیاں جزوی طور پر بحال کر دی ہیں۔
دنیا میں سب سے پہلے 29 دسمبر کو چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں ہیں کورونا وائرس کا پہلا کیس منظر عام پر آیا تھا۔
امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج
امریکا کورنا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار تک پہنچ چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی 1700 سے تجاوز کر چکی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث امریکا میں معاشی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، امریکا میں بے روزگاری کی شرح بھی اضافہ ہوا ہے اس وبا کے باعث اب تک 33 لاکھ سے زائد لوگ بے روز گار ہو چکے ہیں۔
ایسی صورت حال میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی معیشت کو بچانے کے لیے تاریخ کے سب سے بڑے 2 کھرب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری بھی دیدی ہے۔۔ مرید پڑھیں
اقوام متحدہ کے بھی درجنوں ملازم کورونا میں مبتلا
اقوم متحدہ کے ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں تعینات 86 یو این اہلکاروں میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے ، جن اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ یورپی ممالک، امریکا، ایشیااور مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا 20 لاکھ حفاظتی آلات فراہم کرنے کا اعلان
عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دنیا کے 74 ممالک کو 20 لاکھ حفاظتی آلات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کا مزید کہنا ہے کہ ان کا ادارہ ایسے حفاظتی آلات مزید 60 ممالک کو بھی بھیجنے کے لیے انتظامات کر رہا ہے۔
ہیٹی میں اسپتال کا سربراہ اغواء
افریقی ملک ہیٹی میں ایک بڑے اسپتال کے ڈائریکٹر کو ڈیوٹی کے لیے گھر سے اسپتال آتے وقت اغوا کر لیا گیا جس کے باعث گینگ وار کا شکار ملک کے اسپتال کے عملے نے کورونا وائرس کے مریضوں کو لینے سے انکار کر دیا۔
کورونا وائرس دنیا کے 199 ممالک تک پھیل چکا ہے اور موذی وائرس سے اب تک 27 ہزار سے زائد اموات اور 5 لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں، ایک لاکھ 31 ہزار افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔