کراچی:
بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی ترویج کے لیے حکومت کی الیکٹرک وہیکل پالیسی کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے۔گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ چارجنگ کی سہولت اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں نے بھی پاکستان کا رخ کرنا شروع کردیا۔ کورین کمپنی نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ الیکٹرک وہیکل چارجرز اور اسٹوریج کی سہولت کی فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں جس کے تحت اگلے مرحلے میں پاکستان میں ہی الیکٹرک وہیکل چارجرز تیار کیے جائیں گے۔
پاکستان میں قابل تجدید توانائی پر مبنی عالمی معیار کے سلوشنز فراہم کرنے والی کمپنی Zi Solar نے گلوبل ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو وسیع کرتے ہوئے کوریا کی کمپنی Aeonus کے ساتھ اشتراک عمل کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس یادداشت کے تحت ہونے والی شراکت داری کے تحت Zi Solar کورین کمپنی Aeonus کے پاکستان میں ایکسکلوزیو پارٹنر کی حیثیت سے بجلی سے چلنے والی کاروں کی چارجنگ کے لیے کورین ٹیکنالوجی پر مشتمل جدید سلوشنز اور ایکوپمنٹ فراہم کرے گی۔
کورین کمپنی کے ساتھ Zi Solar کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں جو سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے ان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے 50kW پاور کے تیز رفتار (لیول 3) ڈی سی چارجرز، 7kWپاور کے (لیول 2) اے سی وہیکل چارجرز اور اسمارٹ موبلیٹی چارجنگ آؤٹ لیٹس شامل ہیں۔
اس شراکت داری کے نتیجے میں کورین کمپنی پاکستان میں Zi Solar کے ذریعے شمسی توانائی سے چلنے والے چارجنگ سسٹم اور الیکٹرک انرجی اسٹوریج سسٹم بھی متعارف کرائیگی۔
مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب کوریا ٹریڈ انویسٹمنٹ ایجنسی کے کراچی میں واقع دفتر میں منعقد ہوئی، اشتراک عمل کی یادداشت پر Zi Solarکے ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ ایم بلال ضیغم، Zi Solar کے سی ای او محمد فاروق، Aeonus کے مسٹر ڈینئیل اور سی ای او Eun Heo نے دستخط کیے۔