اسلام آباد: اقوام متحدہ نے دنیا میں امن و امان کو قائم کرنے کے لیے پاکستانی کاوشوں اور انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کا برملا اعتراف کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان نے افریقی ملک کانگو میں پاکستانی امن مشن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ یو این ترجمان نے پاک فوج کی کانگو میں امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے آئی ایس پی آر کی ویڈیو ٹویٹ کردی۔
ترجمان اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ امن مشنز میں کلیدی حصہ دار ہے، دیکھیں کیسے پاک فوج نے تباہ کن سیلاب کے دوران سیکڑوں انسانوں کی زندگیاں بچائیں۔
کانگو کے اویرا ریجن میں شید سیلاب کے باعث ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا اور 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ پاک فوج کے امن دستوں نے کانگو میں بھرپور امدادی کارروائی کرتے ہوئے وہاں سیلاب میں پھنسے 2000 سے زائد افراد کو بچایا ہے۔ پاکستانی دستوں نے متاثرہ آبادی کو ادویات و خوراک بھی فراہم کی ہیں۔