افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 25 اہلکار ہلاک


کابل: افغان فوج کی ایک چیک پوسٹ پر جنگجوؤں کے حملے میں 25 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے زابل میں واقع فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کر دیا، حملہ آوروں کی مدد افغان پولیس میں موجود جنگجوؤں کے ہمدرد 6 اہلکاروں نے کی۔ ایک ہفتے میں اس طرز کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے۔

جنگجوؤں کے حملے میں 25 افغان فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے اور چیک پوسٹ تباہ ہوگئی۔ طالبان کی جانب سے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم کچھ عرصے سے طالبان نے اسی طریقے سے افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا ہے۔

حملہ آور کامیاب کارروائی کے بعد افغان فوج کا اسلحہ اور دیگر جنگی ساز و سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے جب کہ جنگجوؤں کے مددگار 4 افغان پولیس اہلکار بھی حملہ آوروں کے ہمراہ چلے گئے جب کہ 2 مارے گئے۔

افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے باوجود تاحال افغانستان میں امن قائم نہیں ہوسکا ہے جب کہ انٹرا افغان مذاکرات تاحال تعطل کا شکار ہیں۔ افغان صدر نے طالبان قیدیوں کی رہائی کو طول دیدیا ہے اور طالبان نے بھی افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں