اسپین میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 832 ہلاکتیں، مجموعی تعداد 5 ہزار سے متجاوز


اسپین میں کورونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ 832 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 5 ہزار 690 تک پہنچ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق پولیس سربراہ نے افسردگی کی حالت میں ملک میں ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کا اعلان کیا۔

اسپین، کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے اٹلی کے بعد دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد بھی بڑھ کر 72 ہزار 248 ہوگئی ہے جو گزشتہ روز 64 ہزا ر 59 تھی۔

محکمہ صحت کے سربراہ فرنانڈو سیمن کا کہنا تھا کہ یہ وبا کئی علاقوں میں اپنے عروج کو پہنچی ہوئی ہے لیکن ملک میں اس کے مطابق انتہائی نگہداشت کے یونٹ موجود نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آئی سی یو میں جگہ کی قلت کا بدستور سامنا ہے۔

ہسپانوی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن کے تیسرے ہفتے موت کا رقص جاری ہے اور ایک ویران عمارت اب مردہ خانے میں تبدیل ہوچکی ہے جس کو اسی مقصد کے لیے چند دن قبل مخصوص کیا گیا تھا۔

سول گارڈ کے سربراہ جوز مینوئل سینٹیاگو نے ریپڈ ایکشن گروپ کے سربراہ کو جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جو کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز ہلاک ہوگئے تھے۔

حکومت کے مطابق وزارت ٹرانسپورٹ نے چین سے وزارت صحت، ٹرانسپورٹ اور ڈاک کے کارکنوں کے لیے 12 لاکھ ماسک منگوائے ہیں جو میڈرڈ ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔

بارسلونا میں رضاکاروں نے ‘ڈیلیوری فار ہیروز’ کی مہم کے تحت طبی عملے کو ماسک اور مفت میں کھانا تقسیم کیا جو 6 کمپنیوں کی مشترکہ مہم ہے جنہوں نے روزانہ 200 افراد تک کھانا پہنچانے کا انتظام کر رکھا ہے۔

بارسلونا کے ہسپتال ڈیل مار کے ڈاکٹر لوئس میگوئیل مارٹن کا رضاکاروں سے کھانا وصول کرنے کے بعد کہنا تھا کہ ‘یہ صرف کھانا ہے لیکن جذبات کا تحفہ اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے اور جو کچھ ہم کر رہے ہیں اس کو اہمیت دی جارہی ہے’۔

خیال رہے کہ اسپین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں 14 مارچ سے اسکول، بارز، ریسٹورنٹس اور دیگر دکانیں بند ہیں اور اکثر آبادی گھروں میں محصور ہے۔

واضح رہے کہ مجموعی طور پر دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 98 ہزار جبکہ اموات 27 ہزار 762 تک پہنچ چکی ہیں۔

دنیا کے تقریباً 177 ممالک میں پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے امریکا اور اٹلی سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں، واشنگٹن نے وائرس سے ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ہلاکتوں کے حوالے سے اسپین دوسرے نمبر پر ہے، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اٹلی میں 9 ہزار 134، اسپین میں 5 ہزار 138 اور چین (ووہان) میں 3 ہزار 177ریکارڈ کی گئیں۔

امریکا میں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 700 تک پہنچ چکی تھی۔

عالمی سطح پر نوول کورونا وائرس کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق دنیا کے 10 ممالک میں 4 لاکھ 92 ہزار 775 افراد جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں ایک لاکھ 5 ہزار 407 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں