پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس 51 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا ۔
مئی2017 کے بعد پہلی بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس دوبارہ 51 ہزار تک پہنچا ہے۔
یاد رہےکہ 25 مئی 2017 کو 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 53 ہزار 127پر پہنچ گیا تھا۔
آج صبح کاروبار کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 100 انڈیکس 51 ہزار 392 کی سطح پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 338 پوائنٹس کے اضافے سے 51 ہزار 70 پر بند ہوا۔
اس حوالے سے معاشی تجزیہ کار خرم شہزاد کا کہنا ہےکہ مئی 2017 کے مقابلے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 70 فیصد کم ہے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 30 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے، مئی 2017 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالر تھی۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ آج مارکیٹ 100 ارب ڈالر ہو، اس کے لیے انڈیکس کو 1لاکھ ہونا ہوگا، صرف انڈیکس نہیں مارکیٹ کی ویلیو بھی اہم ہے، سرمایہ کار آنے والے دنوں میں کچھ اچھے کی توقعات لگائے ہوئے ہیں۔