اسلامی نظریاتی کونسل پر کروڑوں روپے خرچ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے: فواد چوہدری


فاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے اسلامی نظریاتی کونسل جیسے ادارے پر کروڑوں روپے خرچ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری اکثر اپنے متنازع بیانات کے باعث تنقید کی زد میں رہتے ہیں۔

اس سے قبل بھی فواد چوہدری رویت ہلال کمیٹی اور اسلامی نظریاتی کونسل کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں اور وفاقی وزیر نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب کر لیا ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس کے دوران نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات کو غیر آئینی اور غیر شرعی قرار دیا تھا۔

قبلہ ایاز کا کہنا تھا بے گناہ کو ملزم ثابت کرنا، وعدہ معاف گواہ بننا اور پلی بارگین کی دفعات غیر اسلامی ہیں۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج تک مذہبی طبقات کی سوچ کو نظریاتی کونسل سے کوئی رہنمائی نہیں ملی۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ایسے ادارے پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا جواز میری سمجھ سے بالاتر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو کی ضرورت ہے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، انتہائی جید لوگ اس ادارے کو سنبھالیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں