اس وقت ٹڈیاں ملک کے 61 اضلاع میں حملہ آور ہیں: این ڈی ایم اے


نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت ٹڈیاں ملک کے 154 میں سے 61 اضلاع میں حملہ آور ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ ٹڈی دل کے حملوں کے باعث بلوچستان کے 31، خیبر پختونخواہ کے 11، پنجاب کے 12 اور سندھ کے 7 اضلاع متاثر ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ٹڈیوں کے حملہ زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے، ملک بھر میں 1150ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم کے کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 13 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا جس میں سے 4 ہزار 400 ہیکٹر رقبے کا ٹریٹمنٹ کیا گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق بلوچستان میں 1700 ہیکٹر رقبے پر اسپرے کیا گیا جب کہ پنجاب میں 1000 ہیکٹر، خیبر پختونخوا میں 900 ہیکٹر رقبے کی ٹریٹمنٹ ہوئی اور سندھ میں گزشتہ روز 800 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس بھی ٹڈی دل کے حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی جب کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے ٹڈی دل سے متعلق اطلاعات اور شکایات کے ازالے کے لیے ہاٹ لائن بھی شروع کی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں