پاکستانی اداکارہ، ماڈل و میزبان نجیبہ فیض نے بھی اداکار فیروز خان کے بعد خود سے متعلق گردش کرتی افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
افغانستان میں پیدا ہونے والی اداکارہ نے فیروز خان اور اپنے تعلقات سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ غلط خبریں نہ پھیلائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فیروز خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں کو رد کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ میں نجیبہ فیض کو اپنی دوست قرار دیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ کی جانب سے فیروز خان کی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لوگ ان کے بارے میں غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔
نجیبہ کا اپنی طویل ٹوئٹ میں لکھنا ہے کہ وہ ہائیکنگ کی جنون کی حد تک شوقین ہیں کیوں کہ اس سے ذہنی اور جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے اور یہ کہ ہائیکنگ کے دوران ان کے ساتھ ان کے مختلف دوست بھی جاتے ہیں اور اسی سلسلے میں کچھ روز قبل انتہائی نفیس انسان فیروز خان بھی ان کے ہمراہ ہائیکنگ پر گئے تھے۔
اداکارہ کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا ہے کہ انہوں نے فیروز خان کے ساتھ تصویریں بنوائیں اور اپنے سوشل میڈیا پیجز پر شیئر بھی کیں، فیروز خان ان کے لیے انتہائی قابل عزت شخص ہیں، اِنہیں اس بات سے کوئی مطلب نہیں کہ ان کی ذاتی زندگی میں ماضی میں کیا ہوا۔
نجیبہ فیض کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ان کی اور فیروز خان کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئیں تو اس پر بحث شروع ہوگئی اور ہر کسی نے اس پر اپنے اپنے نظریے کے مطابق بات کی، انہوں نے اپنی اس وضاحتی ٹوئٹ میں خصوصی طور پر سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے اپیل کی کہ وہ یک طرفہ غیر مصدقہ معلومات کو نہ پھیلائیں۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِنہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہر انسان کا خاندان ہوتا ہے اور ہر کسی کی اپنی ذاتی زندگی ہوتی ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سے اور فیروز خان سے متعلق غلط خبریں اور معلومات پھیلانے سے مجھے اور میرے خاندان کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یہ دونوں فنکار ایک ساتھ ہائیکنگ پر گئے تھے جہاں سے ان کی تصویریں اور ٹک ٹاک ویڈیوز سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین اِنہیں انڈسٹری کا نیا جوڑا قرار دے رہے تھے۔