اسلام آباد: احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں خواتین کے ساتھ مردوں کو بھی امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مستحق مردوں کو رقوم کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، ان افراد کی اکثریت دیہاڑی دار طبقہ کی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے مطابق احساس کیش پروگرام کے سات روز سے جاری عمل کے دوران 36 لاکھ 82 ہزار خاندانوں میں 44 ارب 19 کروڑ 40 لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور امدادی رقوم کی تقسیم کا عمل رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا جب کہ پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس 19 اپریل تک جاری رہے گی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احساس ایمرجنسی کیش سینٹرز میں مالی امداد وصول کرنے والوں کے لیے کورونا سے بچاؤ کے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں سینٹرز کو ڈس انفیکٹ کرنا، سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا شامل ہیں۔