پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکار احد رضا میر اور اداکارہ اقراء عزیز جلد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر نظر آنے کے لئے تیار ہیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرتی خبروں کے مطابق احد رضا میر اور اقراء عزیز پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آئیں گے۔
اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کی زیر ملکیت پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والے اس ڈرامے کی ریکارڈنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس ڈرامے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم اس کے سیٹ سے چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ان دونوں فنکاروں کو شوٹنگ میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔
![احد رضا میر اور اقراء عزیز جلد ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے](https://jang.com.pk/assets/uploads/updates/2023-08-18/1259214_6395012_iqra_updates.jpg)
خیال رہے کہ اداکارؤں کی یہ جوڑی اس سے قبل ایک کمرشل میں ایک ساتھ دکھائی دی تھی۔
یاد رہے کہ احد رضا میر کا آخری ڈرامہ ’ہم تم‘ گزشتہ برس رمضان میں آن ایئر ہوا تھا جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ رمشا خان تھی اور ان کی جوڑی کو مداحوں نے بےحد پسند کیا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک اداکار بین الاقوامی سطح پر بننے والے مختلف پروجیکٹس میں مصروف تھے۔
دوسری جانب اداکارہ اقراء عزیز دو برس بعد اسکرین پر نظر آئیں گی، انہیں آخری بار 2021 میں جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل خدا اور محبت میں اداکار فیروز خان کے مد مقابل دیکھا گیا تھا۔