آزادی کی 75ویں سالگرہ بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

آزادی کی 75ویں سالگرہ بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے


قوم اس عہد کی تجدید کے ساتھ آج مادر وطن پاکستان کے یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہی ہے کہ وہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ کام کرے گی۔

آج کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سربز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آرہے ہیں۔

یوم آزادی کی مناسبت سے مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل محمد شہباز خان تھے، جس میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اس کے بعد بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب روایتی جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر پاکستان نیول اکیڈمی کے کموڈور محمد خالد تھے، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

آج وزیر اعظم شہباز شریف نے قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر انتہائی منفرد انداز میں دوبارہ ریکارڈ کیے گئے قومی ترانے کا اجرا بھی کیا۔

سول اور فوجی اعزازات کا اعلان

اس کے علاوہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کو سول اعزازات عطا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعزازات 23 مارچ 2023 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران دیے جائیں گے۔

14 سول اعزازات پانے والوں میں کُل 253 شخصیات شامل ہیں جنہیں نشان امتیاز، ہلال پاکستان، ہلال شجاعت، ہلال امتیاز، ہلال قائد اعظم، ستارہ پاکستان، صدارتی اعزازات برائے حسن کارکردگی، تمغہ پاکستان، تمغہ شجاعت، تمغہ امتیاز، تمغہ قائد اعظم اور تمغہ خدمت سے نوازا جائے گا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت نے پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسروں اور جوانوں کے لیے بھی فوجی اعزازات کا اعلان کیا۔

صدر مملکت کی جانب سے دو ستارہ بسالت، 68 تمغہ بسالت، 33 امتیازی اسناد، 68 سی او اے ایس تعریفی کارڈز، 22 ہلال امتیاز (ملٹری)، 102 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 130امتیاز (ملٹری) تمغے دیے دیے جائیں گے۔

صدر و وزیر اعظم کا قوم کے نام پیغام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بانیان نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی متحرک قیادت میں اس وطن پاکستان کو ہمارے لیے تراشنے کے لیے دی تھیں۔

صدر نے کہا کہ آج ہم نظریۂ پاکستان کو برقرار رکھنے اور پاکستان کو ایک مثالی جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہماری ملکی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم برصغیر کے مسلمانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی بہادرانہ جدوجہد اور نئی ریاست کے قیام کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کے لیے اجتماعی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائد اعظم کی یکجہتی، لگن، غیر متزلزل عزم اور ان کی غیر متزلزل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے یوم آزادی کا جشن مناتے ہوئے کہا کہ آئیے، ہم اپنے بانیان کے نظریات اور افکار سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو قومی تجدید کے اپنے مشن کا مرکز بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیے، ہم پاکستان کو ایک ایسی قومی ریاست میں تبدیل کرنے کا عہد کریں جو ہمارے بانیان کے نظریات کی عکاس ہو۔


اپنا تبصرہ لکھیں