دنیا کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی جینک سنر کو ڈوپنگ اسکینڈل کے باعث تین ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔
بی بی سی کے مطابق، اطالوی ٹینس اسٹار نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (WADA) کے ساتھ اپنے کیس کا تصفیہ کرتے ہوئے فوری طور پر تین ماہ کی معطلی قبول کر لی۔
تین مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن 9 فروری 2025 سے 4 مئی 2025 تک معطل رہیں گے۔
WADA، جس نے کھلاڑی کے خلاف کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (CAS) میں اپیل دائر کی تھی، نے ہفتہ، 15 فروری 2025 کو ایک بیان میں کہا کہ وہ 2025 کے آسٹریلین اوپن چیمپئن کی اس وضاحت کو قبول کرتا ہے کہ ممنوعہ مادہ غلطی سے لیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا، ’’تاہم، قوانین کے مطابق اور CAS کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں، ایک کھلاڑی اپنے عملے کی غفلت کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔ اس کیس کے منفرد حقائق کی بنیاد پر، تین ماہ کی معطلی مناسب فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔‘‘
مزید برآں، سنر کے وکیل کے جاری کردہ بیان میں، دو مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نے کہا، ’’یہ کیس تقریباً ایک سال سے میرے سر پر منڈلا رہا تھا، اور اس کے فیصلے میں مزید تاخیر ہو سکتی تھی، جو سال کے آخر تک آتا۔
“میں ہمیشہ یہ تسلیم کرتا ہوں کہ اپنی ٹیم کا ذمہ دار ہوں اور جانتا ہوں کہ WADA کے سخت قوانین میرے پسندیدہ کھیل کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔ اسی بنیاد پر میں نے WADA کی تین ماہ کی پابندی کی پیشکش قبول کر لی،‘‘ انہوں نے مزید کہا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ پابندی کے نتیجے میں، سنر ہارڈ کورٹ ٹورنامنٹس انڈین ویلز اور میامی کے ساتھ ساتھ کلے کورٹ ایونٹس سے بھی محروم رہیں گے، اور 7 مئی 2025 کو شروع ہونے والے اٹالین اوپن سے قبل واپسی کریں گے، جو فرنچ اوپن سے پہلے ہوگا۔