امریکہ میں ٹک ٹاک کے صارفین بے تابی سے ایپ اسٹورز میں اس کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق، 18 جنوری 2025 کو ہفتے کی رات کو امریکی سروس معطل ہونے کے بعد، ویڈیو شیئرنگ ایپ نے امریکہ میں اپنی سروس دوبارہ شروع کی تھی، تاہم اس کے باوجود ایپل اور گوگل ایپ اسٹورز میں یہ ایپ واپس نہیں آئی۔
امریکی سپریم کورٹ نے پابندی کے قانون کو برقرار رکھنے کے بعد، بائٹ ڈانس کی ٹک ٹاک نے خود ہی سروس کو بند کر دیا تھا، لیکن جب نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو توسیع دینے کا اعلان کیا، تو اس نے اپنی سروس کو 170 ملین سے زیادہ امریکی صارفین کے لیے دوبارہ بحال کر دیا۔
تاہم، جو صارفین ایپ کے بند ہونے کے بعد اسے ڈیلیٹ کر چکے تھے، وہ اب بے چینی سے اپنے آئی فونز اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو چیک کر رہے ہیں، مگر ہر بار ایپ کو دوبارہ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب نہیں پاتے۔
اگرچہ ٹرمپ نے اپنی حلف برداری کے فوراً بعد 20 جنوری 2025 کو ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے تھے تاکہ پابندی کو 75 دن کے لیے مؤخر کیا جا سکے، تاہم اس آرڈر کی قانونی حیثیت ابھی تک غیر واضح ہے، جس کی وجہ سے ایپل اور گوگل اسٹورز نے ایپ کو دوبارہ دستیاب نہیں کیا۔
ایپل کی ایپ اسٹور پر ایک نوٹس میں کہا گیا ہے، “ٹک ٹاک اور دیگر بائٹ ڈانس ایپس آپ کے موجودہ علاقے یا ملک میں دستیاب نہیں ہیں”، جبکہ گوگل پلے نے کہا، “اس ایپ کے ڈاؤن لوڈز موجودہ امریکی قانونی ضروریات کی وجہ سے معطل ہیں۔”
اس کے علاوہ، تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ گوگل اور ایپل ٹک ٹاک کو اپنے اسٹورز میں واپس لانے میں تاخیر کر رہے ہیں کیونکہ وہ قانونی ضمانتوں کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ ایپ کو میزبانی یا تقسیم کرنے پر کسی بھی قسم کی جرمانہ یا سزا سے بچ سکیں۔