شوبز کی مقبول جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ ایک مرتبہ پھر ترکی کے دورے پر ہیں جہاں وہ مختلف مقبول سیاحتی مقامات کی سیر کررہے ہیں۔
تاہم دونوں کو ترکی کی سیر کے دوران غیر ملکی سیاحوں کو اپنی مقبولیت سے متعلق بتانے اور ویڈیوز دکھانے پر تنقید کا سامنا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر دونوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایمن خان ایک غیر ملکی کو یہ بتارہی ہیں کہ ان کی جوڑی پاکستان میں کیوں مقبول ہے۔
دوسری جانب ان کے شوہر اور اداکار منیب بٹ ویڈیو ریکارڈ کررہے ہیں، ویڈیو میں منیب بٹ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ایمن خان کافی مقبول ہیں اور پاکستان میں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اکثر انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے شوبز جوڑی کو سیاحوں کو اپنی انسٹا فالوونگ بتانے پر تنقید کا سامنا ہے۔
ایک صارف نے کہا کہ ایمن خان نے صرف انسٹاگرام پر فالوورز ہی حاصل کیے ہیں اور وہ بھی پیسوں کے عوض۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ جن لوگوں کو بتایا جارہا ہے انہیں کوئی دلچسپی ہی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ایمن خان پاکستان میں گزشتہ برس انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کرنے والی اداکارہ قرار پائی تھیں۔
بعدازاں عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد ان سے زیادہ ہوگئی تھی اور اب دونوں کے ہی 80 لاکھ فالوورز ہیں۔
ایمن خان کے فالوورز کے حوالے سے سوشل میڈیا پر یہ بھی بارہا کہا جاتا ہے کہ ان کے فالوورز حقیقی نہیں بلکہ انہوں نے پیسے دے کر خریدے ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو ‘ٹائم آؤٹ ود احسن’ میں کہا تھا کہ ان کے فالوورز 100 فیصد آرگینگ ہیں۔