آئی ایم ایف کے مزید دو وفود رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

آئی ایم ایف کے مزید دو وفود رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے


رواں ماہ آئی ایم ایف کے مزید دو وفود پاکستان کا دورہ کریں گے، جن کے ساتھ مجموعی طور پر 2.5 ارب ڈالر کے قرضے کے لیے علیحدہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

پہلا آئی ایم ایف وفد 24 فروری سے پاکستان آئے گا، جس کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.5 ارب ڈالر کے نئے رعایتی قرضے پر بات چیت ہوگی۔ یہ نیا قرضہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے دیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے ساتھ نئے موسمیاتی تبدیلی کے قرضہ پروگرام پر مذاکرات کرے گا۔ دو سال قبل موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا، اور اس نئے قرضہ پروگرام کے تحت آئی ایم ایف موسمیاتی نقصانات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

نئے قرضہ پروگرام کے تحت آئی ایم ایف پاکستان کے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات اور اہداف کا جائزہ لے گا۔ اس حوالے سے مذاکرات مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

مارچ کے اوائل میں، آئی ایم ایف کا ایک اقتصادی جائزہ مشن بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر 7 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام کی اگلی قسط کے طور پر 1 ارب ڈالر کی فراہمی کے لیے مذاکرات ہوں گے۔ اس دوران آئی ایم ایف کو جولائی سے دسمبر تک کی اقتصادی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں