ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سنبھالتے ہی بڑے فیصلے، متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط

ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سنبھالتے ہی بڑے فیصلے، متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی کئی اہم فیصلے کیے، جن میں متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط شامل ہیں۔ ان میں سے ایک فیصلہ سابق صدر جو بائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات کو منسوخ کرنے کا تھا۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد کیپٹل ون ارینا میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اور پولیس سمیت مختلف اداروں کے دستوں نے نو منتخب صدر کو سلامی دی۔ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے مندوب اسٹیو وٹکوف نے بھی خطاب کیا اور اسرائیلی یرغمالیوں کے خاندانوں کا تعارف کرایا۔

اس دوران صدر ٹرمپ نے متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے اور سابق صدر جو بائیڈن کے 78 صدارتی اقدامات کو منسوخ کر دیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، ٹرمپ نے کیپٹل حملے میں ملوث 1500 افراد کو معافی دینے کا حکم دیا۔

ٹرمپ نے فیڈرل ملازمین کی بھرتیوں کو منجمد کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ان کے گھر سے کام کرنے کے فوائد کو ختم کر دیا۔ صدر ٹرمپ نے امریکا کو پیرس ماحولیاتی معاہدے سے نکالنے کا حکم دیا اور بائیڈن کے مصنوعی ذہانت پالیسی کے ایگزیکٹو آرڈرز کو منسوخ کر دیا۔ مزید برآں، ٹرمپ نے بائیڈن کے 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا 50 فیصد ہدف بھی منسوخ کیا۔

ٹرمپ نے تارکین وطن اور بارڈر کے متعلق ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کیے اور کارٹلز کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ انہوں نے جنوبی سرحد پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم بھی دیا۔

ٹرمپ نے امریکا کو عالمی ماحولیاتی معاہدوں میں اولین ترجیح دینے کا حکم دیا اور امریکی خاندانوں کو قیمتوں میں ایمرجنسی ریلیف دینے کا بھی حکم دیا۔ سیاسی مخالفین کے خلاف وفاقی حکومت کو مسلح کرنے کی پالیسی بھی منسوخ کر دی۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، ٹرمپ نے نگران کابینہ اور کابینہ سطح کے عہدوں کا بھی اعلان کیا، جن کے اراکین عہدوں پر باضابطہ تقرری تک خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے اظہار رائے کی آزادی اور سنسرشپ ختم کرنے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر بھی دستخط کیے۔

ٹرمپ نے ٹک ٹاک سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت ٹک ٹاک کو خریدنے یا بند کرنے کا اختیار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پر ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں اگر ٹک ٹاک ڈیل کی منظوری نہ دی گئی۔ انہوں نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ اگلے 75 دنوں تک ٹک ٹاک پر کوئی کارروائی نہ کی جائے۔

صدر ٹرمپ نے جسٹس ڈپارٹمنٹ کو 6 جنوری کے حملے سے متعلق تمام مقدمات ختم کرنے کا حکم بھی دیا اور عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی کا حکم دے دیا۔

ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کہا کہ امریکا اب وینزویلا سے تیل خریدنا بند کر دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیڈن نے اپنی پوری فیملی کو معافی دے دی، اور یہ کہ پہلی دن اتنے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کرنا آمریت نہیں ہے۔

امریکی سینیٹ نے مارکو روبیو کو وزیر خارجہ کے طور پر تقرر کی توثیق کر دی۔ لیسا کینا کو سیکریٹری آف اسٹیٹ اور رابرٹ سیلسیس کو سیکریٹری دفاع کے طور پر تقرر کیا گیا۔

یاد رہے کہ 20 جنوری 2025 کو ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر کا حلف اٹھایا اور وہ امریکا کے 47ویں صدر بن گئے، جس کا حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے لیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں