رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
واشنگٹن : امریکہ میں صدارتی تقریب حلف برداری کے دوران یہ روایت ہے کہ صدر اپنی اہلیہ کے ہونٹوں پر بوسہ دیتا ہے، لیکن اس بار صدر ٹرمپ کو بوس و کنار کی اس روایت کو نبھانے میں کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ میلانیہ ٹرمپ نے امریکی ڈیزائنر ایرک جاویٹس کا ڈیزائن کردہ نیوی بلیو ہیٹ پہنا ہوا تھا، جس کے وسیع کنارے بوسہ دینے کے دوران رکاوٹ بن گئے۔ صدر ٹرمپ نے تقریب کے بعد ایمانسپیشن ہال میں اپنی تقریر کے دوران بھی ہیٹ کا ذکر کیا، اور بتایا کہ تیز ہوا کی وجہ سے میلانیہ کو ہیٹ سنبھالنے میں دشواری ہو رہی تھی۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، “میلانیہ تقریباً ہوا میں اڑنے والی تھیں، لیکن انہوں نے ہیٹ کو مضبوطی سے تھام رکھا تھا۔”
میلانیہ ٹرمپ نے اس موقع پر ایڈم لپیس کے ڈیزائن کردہ نیوی بلیو سلک وول کوٹ، نیوی بلیو پینسل اسکرٹ، اور آئیوری سلک کریپ بلاؤز پہنا۔ لپیس نے اپنے بیان میں کہا کہ میلانیہ کے لیے لباس تیار کرنا ان کے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز تھا اور یہ لباس امریکہ کے بہترین کاریگروں نے بنایا تھا۔ یہ تقریب 40 سال بعد پہلی بار واشنگٹن ڈی سی کے سرد موسم کی وجہ سے کیپیٹل روٹونڈا کے اندر منعقد کی گئی۔