رمضان المبارک میں رضاکاروں کی روشنی: فریسکو مسجد کی متحرک ٹیم کی داستان


رمضان المبارک میں رضاکاروں کی روشنی: فریسکو مسجد کی متحرک ٹیم کی داستان

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

جیسے ہی رمضان کی پرنور ساعتیں سایہ فگن ہوتی ہیں اور مسجدیں نورِ ایمان سے جگمگانے لگتی ہیں، تب کچھ ایسے چراغ بھی روشن ہوتے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں کی مساجدوں میں بے لوث خدمت کے جذبے سے لبریز ہوتے ہیں۔ یہ چراغ وہ رضاکار ہیں جو ہر روز، ہر لمحہ، اپنی توانائیاں صرف اس لیے وقف کرتے ہیں کہ آنے والے ہر نمازی کو سہولت، سکون، اور تحفظ حاصل ہو۔

اسلامک سینٹر فریسکو کی متحرک والنٹیئر ٹیم انہی چراغوں میں سے ایک ہے، جو سالہا سالوں سے اپنی بے لوث خدمات پیش کر رہی ہے۔ ان کا مشن واضح ہے: اللہ کے مہمانوں کی خدمت، بلا تفریق، بلا تھکان، بلا توقف۔

یہ رضا کار کون ہیں؟

یہ وہ لوگ ہیں جو ٹریفک کے ہجوم کو ترتیب میں رکھتے ہیں، پارکنگ کی الجھنوں کو آسانیوں میں بدلتے ہیں، اور خواتین، بزرگوں اور بچوں کی راہ ہموار کرتے ہیں تاکہ وہ مسجد تک باآسانی پہنچ سکیں۔ ان کے جذبے کی خوبی یہ ہے کہ یہ صرف پاکستانی نہیں، بلکہ انڈین، بنگالی اور دیگر قومیتوں کے مسلمان بھی برابر کا حصہ ڈال رہے ہیں۔ یہ اخوت اور بھائی چارے کی ایک عظیم مثال ہیں۔

جب اسلامک سینٹر فریسکو کی بنیاد رکھی گئی تھی، تب یہ کمیونٹی محض بارہ سو افراد پر مشتمل تھی، اور آج یہ ہزاروں میں پہنچ چکی ہے، مگر اس ٹیم کی استقامت، خلوص، اور محنت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ چاہے دھوپ کی تپش ہو یا سرد راتوں کی یخ بستگی، بارش کی پھوار ہو یا ہوا کے تھپیڑے، یہ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر اپنے فرض کی انجام دہی میں مصروف رہتی ہے۔

نظم و ضبط اور تحفظ کی پاسبانی

یہ ٹیم نہ صرف ٹریفک اور پارکنگ کو منظم کرتی ہے، بلکہ نمازیوں کی حفاظت کا خیال بھی رکھتی ہے۔ مسجد انتظامیہ ہر سال رمضان کے آغاز پر اس ٹیم سے رجوع کرتی ہے، اور وہ جدید مواصلاتی نظام جیسے واکie-ٹاکie کے ذریعے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ ٹریفک، سیکیورٹی، اور نمازیوں کی ضروریات کو بہتر انداز میں مینج کیا جا سکے۔ خصوصی طور پر خواتین، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے یہ ٹیم ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ وہ زیادہ دور تک نہ چلیں، اور انہیں مسجد تک پہنچنے میں آسانی ہو۔ یہ رضاکار اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ٹریفک اور پیدل نمازیوں کے درمیان تصادم نہ ہو، اور ہر کوئی آرام و سکون سے اپنے رب کے حضور پہنچ سکے۔ یہ ٹیم نہ صرف عملی اقدامات میں سب سے آگے ہے، بلکہ ان کا اخلاق بھی اتنا خوشگوار ہے کہ ہر نمازی ان سے مل کر دل سے دعا دیتا ہے۔ ان کا نرم لہجہ، مددگار رویہ، اور خالص نیت انہیں صرف ایک ٹیم نہیں، بلکہ رمضان المبارک کی برکتوں کا ایک حصہ بنا دیتی ہے۔

کمیونٹی کی شکر گزاری، جاگو ٹائمز کی کاوش

یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ہم میں سے اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ان کی بدولت ہماری نمازیں، ہماری افطاریں اور ہمارے تراویح کے لمحات سکون میں بسر ہوتے ہیں۔ کمیونٹی کے افراد ان کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، اکثر انہیں دعاؤں سے بھی نوازتے ہیں، اور ان کی انتھک محنت کو سراہتے ہیں۔

جاگو ٹائمز نے اس متحرک والنٹیئر ٹیم کو نمایاں کیا اور ان کی خدمات کو تصاویر کے ذریعے محفوظ کیا، تاکہ ہم سب ان کی بے لوث محنت کو دیکھ سکیں اور سراہ سکیں۔

ایک پیغام ہم سب کے لیے۔۔!

امریکہ بھر کی تمام مساجد میں رمضان المبارک کے دوران ایسی ہی والینٹیئر ٹیمیں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ ہم سب پر یہ فرض ہے کہ ہم اپنی مساجد میں بھی ان رضاکاروں کی خدمات کا اعتراف کریں، انہیں جزاک اللہ کہیں، اور ان کے حوصلوں کو بڑھائیں۔ یہ لوگ مسجد کے دروازے پر کھڑے ہو کر ہمیں خوش آمدید کہتے ہیں، چلو آج ہم بھی شکریہ کے دو بول کہہ کر ان کا دل خوش کر دیں۔ یہ بھی ایک عبادت ہے، یہ بھی ایک نیکی ہے، اور شاید یہ بھی ایک دعا بن کر ہماری زندگیوں میں برکتوں کا باعث بن جائے۔

جزاکم اللہ خیراً!


اپنا تبصرہ لکھیں