ایچ بی او کے 2023 کے بڑے ہٹ شو “دی لاسٹ آف اس” نے آخرکار اپنے مداحوں کے لیے دوسرے سیزن کی ریلیز کی تاریخ ظاہر کر دی ہے۔
دو سال کے وقفے کے بعد، یہ سیریز 13 اپریل 2025 کو نشر کی جائے گی، جس میں جوئل (پیڈرو پاسکل) اور ایلی (بیلا رمزے) کی کہانی کو آگے بڑھایا جائے گا، جو ایک تباہ شدہ دنیا میں زندہ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پہلا سیزن پلے اسٹیشن کے پہلے ویڈیو گیم پر مبنی تھا، جبکہ دوسرا سیزن اس کے سیکوئل “دی لاسٹ آف اس: پارٹ II” کی کہانی پر مشتمل ہوگا۔
گیم کی طرح، سیزن 2 کی کہانی پانچ سال بعد کے واقعات کو دکھائے گی، جہاں یہ مقبول جوڑی مزید خطرناک فنگل زومبی کلیکرز کا سامنا کرے گی۔
ایچ بی او نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شو کے اہم کرداروں کے پوسٹرز شیئر کیے ہیں، جن پر یہ جملہ درج ہے: “ہر راستے کی ایک قیمت ہوتی ہے۔”
کرداروں کے پوسٹرز کے ذریعے، ایک اہم نئی شخصیت ایبی کو بھی متعارف کرایا گیا ہے، جسے کیٹلین ڈیور نبھائیں گی۔
یہ سیریز کریگ مازن اور نیل ڈرک مین نے لکھی اور پروڈیوس کی ہے، جو ویڈیو گیم سیریز کے شریک تخلیق کار بھی ہیں۔
سیزن 2 میں مجموعی طور پر سات اقساط ہوں گی، جو ہر ہفتے ریلیز کی جائیں گی۔ مازن نے اسے “ایک بھرپور کہانی” قرار دیا اور کہا:
“اگر آپ ایکشن، ڈرامہ اور وسیع کہانیوں کو ایک ایپک بنانے والے عناصر مانتے ہیں، تو ہر قسط آپ کو حیران کر دے گی۔ آپ کو بالکل بھی بوریت محسوس نہیں ہوگی۔”