ڈیلس میں نصیبو لعل کے کنسرٹ میں سندھ کلچرل ڈے کا شاندار جشن


رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ٹیکساس: ڈیلس میں پاکستان کی معروف لوک گلوکارہ نصیبو لعل کے شاندار کنسرٹ کے دوران سندھ کا کلچرل ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ کنسرٹ حبا انٹرٹینٹمنٹ کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا اس موقع پر سندھ سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ ممبر راجہ زاہد اختر خانزادہ نے گلوکارہ نصیبو لعل، نیشنل پروموٹرز ریحان صدیقی، حبا انٹرٹینٹمنٹ کے روح رواں ناصر صدیقی اور دیگر فنکاروں کو سندھی ثقافت کی علامت “اجرک” کے تحائف پیش کیے۔ اس تقریب میں معروف بزنس مین غلام نبی کلوڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جبک نظامت کے فرائض ناہید راحیل نے سرانجام دیئے۔

راجہ زاہد اختر خانزادہ نے اپنی تقریر میں جئے سندھ اور جئے پاکستان کے نعرے لگاتے ہوئے تمام حاضرین کو سندھ کلچرل ڈے کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تقریب کے منتظمین، خصوصاً حبا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں ناصر صدیقی اور ان کے ترجمان کمال صدیقی کا شکریہ ادا کیا، جن کی معاونت سے اس کنسرٹ میں سندھی کلچر کو نمایاں کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

راجہ زاہد اختر خانزادہ نے کہا کہ امریکہ میں مقیم معروف پروموٹر ریحان صدیقی پاکستان کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں سے فنکاروں اور گلوکاروں کو امریکہ لاتے ہیں، تاکہ یہاں رہنے والے پاکستانی اپنی نسلوں میں اپنے کلچر کی پہچان برقرار رکھ سکیں۔ یہ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جو پاکستانی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر گلوکارہ نصیبو لعل نے سندھ کلچرل ڈے کی خوشی میں اپنا مشہور سندھی گیت “سندھ میں اوھاں جا لگا، خوب نعرہ قلندر پیارا” پیش کیا، جس پر حاضرین نے بھرپور داد دی۔ کنسرٹ کے دوران ان کی پرفارمنس نے شرکاء کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نصیبو لعل نے کہا کہ کنسرٹ کے دوران سندھی کلچر ڈے منانا ان کے لیے نہایت خوشی کا لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ “سندھ پاکستان کا ثقافتی سرمایہ ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے سندھی زبان میں کئی گانے گائے ہیں۔ آج کے شو میں حاضرین نے جس محبت کا مظاہرہ کیا، وہ میرے لیے ایک اعزاز ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پروموٹرز امریکہ میں پاکستانی کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ “یہی لوگ ہیں جو ہمیں یہاں لے کر آتے ہیں اور سامعین سے جوڑتے ہیں، ورنہ یہ ممکن نہ ہوتا۔” نصیبو لعل نے مزید کہا کہ ان کے امریکہ میں مزید شوز بھی ہو رہے ہیں اور وہ یہاں کی محبت اور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہ شو کے دوران سامعین آخر تک جمے رہے، نصیبو لعل نے کہا، “یہ سب لوگوں کی محبت اور مہربانی ہے۔ میں اپنے سننے والوں کی بے حد شکر گزار ہوں جو اتنی دور سے میری پرفارمنس دیکھنے آئے۔”

تقریب میں لندن سے نصیبو لعل کی ٹیم کے رکن چوہدری انوار بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی اس شاندار پروگرام کا حصہ بن کر خوشی کا اظہار کیا۔

ڈیلس میں ہونے والا یہ کنسرٹ نہ صرف موسیقی بلکہ پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک خوبصورت موقع تھا، جس نے حاضرین کے دلوں میں خوشی اور فخر کا احساس جگا دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں