پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنیوالے 50 فیصد لوگوں کی نشاندہی کر لی: مراد علی شاہ


سندھ میں گزشتہ ماہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے 50 فیصد لوگوں کی نشاندہی کر لی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے 50 فیصد لوگوں کی نشاندہی کر لی ہے اور ای او سی سے مزید لوگوں کی نشاندہی کرنے کو کہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ہے، نگراں حکومت رکھنے کا قانون ختم ہونا چاہیے، بینظیر بھٹو نے 2006ء میں 26 ویں آئینی ترمیم میثاقِ جمہوریت پر سائن کیے تھے اور اب بلاول بھٹو 18 سال بعد 26 ویں آئینی ترمیم کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

ضلع میانوالی میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔

مہم کے آغاز پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورایہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلائے۔

انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 3 لاکھ 25 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

اس حوالے سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رفیق خان نے بتایا کہ محکمۂ صحت کی 1404 ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

سی ای او ہیلتھ کے مطابق ضلع بھکر میں بھی 5روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔

سی ای او ہیلتھ نے یہ بھی بتایا کہ ضلع میں 3 لاکھ 68 ہزار 528 بچوں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

لودھراں میں بھی ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ پولیو کے خاتمہ کے لیے پُرعزم ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ ضلع کے 3 لاکھ 85 ہزار27 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

ضلع ملتان میں بھی 3 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ملتان میں 10 لاکھ 23 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 4 ہزار سے زائد ورکرز کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔

بلوچستان: نوشکی میں 3 روزہ، قلات میں 5 روزہ مہم

نوشکی میں ڈپٹی کمشنر نے ٹیچنگ اسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 3 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق ضلع میں 36 ہزار 774 بچوں کو پولیو سے  بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ 164 موبائل ٹیمیں، 15 فکسڈ مراکز اور 12 ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔

ضلع قلات میں ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

ذرائع کے مطابق مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔

استور میں بھی 5 روزہ مہم کا آغاز

ضلع استور میں ڈپٹی کمشنر اور دیگر محکموں کے سربراہان نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 5 روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں