تجربہ کار بیٹر سدرہ امین (80) اور کپتان فاطمہ ثناء (62 رنز اور 39 رنز دے کر 3 وکٹیں) کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمنز نیشنل ٹیم نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے 12ویں میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے کر ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتداء میں گرین شرٹس مشکلات کا شکار تھیں اور محض 85 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی تھیں۔ تاہم، سدرہ اور کپتان ثناء نے 97 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی اننگز کو سہارا دیا۔ یہ شراکت فی گیند ایک رن کی اوسط سے بنی۔
تھائی لینڈ کی جانب سے تھپاچا پتھاوونگ (37 رنز دے کر 2 وکٹیں) نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پھنیتا مایا (19 رنز دے کر 1 وکٹ) اور اوننیچا کامچومپھو (39 رنز دے کر 1 وکٹ) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 35ویں اوور میں 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے رمین شمیم (38 رنز دے کر 3 وکٹیں)، نشرہ سندھو (19 رنز دے کر 3 وکٹیں)، اور فاطمہ ثناء (39 رنز دے کر 3 وکٹیں) نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال (11 رنز دے کر 1 وکٹ) نے ایک وکٹ حاصل کی۔