شاہ رخ خان کے بعد اگلا ’بالی ووڈ کنگ‘ کون؟


بھارتی فلم انڈسٹری پر 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے شاہ رخ خان کی ہی بادشاہت قائم ہے۔

گزشتہ سال بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے بہت بہترین رہا کیونکہ بالی ووڈ کی  3 فلموں نے ڈومیسٹک باکس آفس پر 500 کروڑ بھارتی روپے جبکہ 1 فلم نے 600 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا۔

بالی ووڈ کی ان 4 کامیاب فلموں میں سے 2 فلمیں شاہ رخ خان کی جبکہ 1 فلم رنبیر کپور کی تھی۔

شاہ رخ خان کی فلموں کے علاوہ رنبیر کپور کی فلم بھارتی باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے میں کامیاب رہی جس کی وجہ سے فلم ٹریڈ سے وابستہ تجزیہ کار ترن آدرش نے اُنہیں اگلا ’بالی ووڈ کنگ‘ قرار دے دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے فلم ’اینیمل‘ بہت پسند آئی، یہ ایک لاجواب فلم ہے، سندیپ ریڈی وانگا ایک باصلاحیت شخص ہیں اور کیا میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ رنبیر کپور بالی ووڈ کے اگلے شاہ رخ خان ہیں؟

ترن آدرش نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان کی پوزیشن الگ ہے لیکن رنبیر کپور کا مقام کچھ اور ہے کیونکہ میرے خیال میں فلم ’اینیمل‘ کے بعد ان کے ہم عصر اداکاروں رنویر سنگھ، کارتک آریان وغیرہ میں سے کوئی بھی ایسا نہیں ہے جو رنبیر کپور کے مدِ مقابل آ سکے۔

اُنہوں نے رنبیر کپور کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ ایک لاجواب اداکار ہیں اور میری نظر میں وہ موجودہ دور کے اداکاروں میں سب سے بہترین ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں