وزیراعظم کے دورۂ قطر کے ثمرات آنا شروع ہوگئے


قطر پاکستان میں 3  ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، حکومت نے خوشخبری سنا دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے، موجودہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا، امیر قطر نے اقتصادی شراکت داری، تجارتی تبادلے میں اضافے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی، ملاقات میں سرمایہ کاری اور تجارت پر زور دیا گیا، دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور اقتصادی شراکت داری، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔

وزیراعظم نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے بھی ملاقات کی، دورہ قطر میں فریقین نے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری دو اعشاریہ دو ارب ڈالر سے بڑھ کر 2 اعشاریہ 8 ارب ڈالر ہوچکی ہے، 27 ایم او یوز سے بڑھ کر 34 ایم او یوز ہوگئے ہیں، معیشت مزید مضبوط ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں