معاذ صداقت اور بابر اعظم کی دھواں دھار بیٹنگ، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی


معاذ صداقت کے 33 گیندوں پر 55 رنز اور بابر اعظم کے 49 گیندوں پر 53 رنز کی بدولت پشاور زلمی نے جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زلمی نے چھ وکٹوں کے نقصان پر اور 20 گیندیں باقی رہتے ہوئے یہ ہدف حاصل کر لیا۔ مچل اوون (6)، صائم ایوب (1) اور محمد حارث (13) بلے بازی میں کوئی خاص مزاحمت نہ کر سکے۔ میکس برائنٹ (4) ناٹ آؤٹ رہے۔

رن چیز میں تین وکٹیں جلدی گرنے کے بعد زلمی کے کپتان بابر اعظم اور صداقت نے اننگز کو سنبھالا اور اپنی ٹیم کو باآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے کائل مائرز (1-28)، بین ڈوارشوئس (1-23)، نسیم شاہ (1-24) اور ریلی میرڈیتھ (1-30) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سلمان آغا (0-7)، عماد وسیم (0-14) اور سعد مسعود (0-20) کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

اس سے قبل، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یونائیٹڈ نے اچھی شروعات کے بعد کچھ مشکلات کا سامنا کیا اور بالآخر 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز تک محدود رہی۔ صاحبزادہ فرحان یونائیٹڈ کے لیے سب سے زیادہ اسکورر رہے، جنہوں نے 35 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

بین ڈوارشوئس نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز بنائے۔

زلمی کی جانب سے محمد علی (3-26) نمایاں بولر رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ لیوک ووڈ (1-26)، الزاری جوزف (1-29)، احمد دانیال (1-29)، صائم ایوب (1-16) اور حسین طلعت (1-14) نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس

جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پلینگ الیون

اسلام آباد یونائیٹڈ: کائل مائرز، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان (ک)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، سعد مسعود، بین ڈوارشوئس، نسیم شاہ، ریلی میرڈیتھ

پشاور زلمی: مچ اوون، صائم ایوب، بابر اعظم (ک)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، حسین طلعت، میکس برائنٹ، معاذ صداقت، لیوک ووڈ، الزاری جوزف، احمد دانیال، محمد علی


اپنا تبصرہ لکھیں