شمال مشرقی چین میں ریسٹورنٹ میں آتشزدگی، 22 افراد ہلاک، 3 زخمی


بیجنگ کے سرکاری میڈیا کے مطابق، شمال مشرقی چین میں ایک ریسٹورنٹ میں منگل کے روز لگنے والی آگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے، جب کہ آن لائن پوسٹ کی گئی فوٹیج میں عمارت کو شدید شعلوں میں گھرا ہوا دکھایا گیا۔

چینی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق، یہ آتشزدگی دارالحکومت بیجنگ سے تقریباً 580 کلومیٹر (360 میل) شمال مشرق میں واقع لیاؤیانگ شہر میں دوپہر کے کھانے کے وقت ہوئی۔

نشریاتی ادارے نے مزید کہا، “اس واقعے میں 22 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔”

سی سی ٹی وی نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں “بڑی تعداد میں ہلاکتیں” ہوئی ہیں اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق “انتہائی سنجیدہ” ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ شی جن پنگ نے “زخمیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے، مرحومین کے لواحقین کے لیے مناسب انتظامات کرنے اور ان کے خاندانوں کو مدد فراہم کرنے، فوری طور پر آگ کی وجہ کا تعین کرنے، اور قانون کے مطابق احتساب کرنے” کا مطالبہ کیا ہے۔

آن لائن شیئر کی گئی اور اے ایف پی کی تصدیق شدہ فوٹیج میں دو منزلہ ریسٹورنٹ کو شعلوں میں گھرا ہوا اور دھوئیں کے بادل آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔

چین کے ٹک ٹاک کے ورژن ڈوئین پر شائع ہونے والی دیگر مستند ویڈیوز میں پیرا میڈیکس کو ایک زخمی کو اسٹریچر پر ایمبولینس میں منتقل کرتے ہوئے اور متعدد فائر فائٹرز کو ہوز پائپوں سے شعلوں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لی گئی ایک اور ویڈیو میں ریسٹورنٹ کے باہر ایک درجن سے زائد فائر انجن کھڑے دکھائے گئے ہیں۔

قریبی ریسٹورنٹ میں کام کرنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ وہ سارا دن باہر نہیں نکلی اور اسے آگ لگنے کے واقعے کا علم صرف اس وقت ہوا جب اس نے آگ کے بارے میں خبریں پڑھیں۔

انہوں نے فون پر اے ایف پی کو بتایا، “ہمیں اس کا علم نہیں تھا اور ہم معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔”

خاتون، جس نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہی، نے کہا کہ اسے “کوئی اندازہ نہیں” کہ آگ کیسے لگی لیکن اس نے سائرن کی آوازیں سنی اور اس کے ریسٹورنٹ کے باہر اب بھی پولیس موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا، “یہ یقیناً بہت المناک تھا۔”

چین میں ناقص تعمیراتی ضوابط اور کام کی جگہ کی حفاظت کے لیے اکثر لاپرواہی کے انداز کی وجہ سے مہلک آگ لگنا نسبتاً عام ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں