دنیا کے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر تحقیقاتی رپورٹ میں خطرے کی گھنٹی

دنیا کے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر تحقیقاتی رپورٹ میں خطرے کی گھنٹی


نیچر میں شائع ہونے والی ایک نئی عالمی تحقیق نے دنیا کے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے گہرے اثرات سمندری سطح میں اضافے اور میٹھے پانی کے ذخائر پر پڑ سکتے ہیں۔

اس تحقیق میں زمینی اور سیٹلائٹ مشاہدات کے اعداد و شمار کا استعمال کیا گیا ہے اور یہ ظاہر ہوا ہے کہ 2012 سے 2023 کے درمیان برف پگھلنے کی رفتار 2000 سے 2011 کے مقابلے میں 36 فیصد زیادہ ہو چکی ہے۔

زیورخ یونیورسٹی کے پروفیسر اور تحقیق کے شریک مصنف مائیکل زیمپ نے ان نتائج کو “چونکا دینے والا” قرار دیا، اگرچہ ان کے بقول یہ بالکل غیر متوقع نہیں تھا۔

تحقیق میں واضح کیا گیا کہ گلیشیئرز پہلے کے اندازوں سے کہیں زیادہ تیزی سے پگھل رہے ہیں، اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو صدی کے آخر تک سمندری سطح میں متوقع حد سے بھی زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

خصوصاً چھوٹے گلیشیئرز خطرناک حد تک پگھل رہے ہیں اور امکان ہے کہ یہ موجودہ صدی کے آخر تک مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

“ہم پہلے سے زیادہ سمندری سطح میں اضافے کا سامنا کر رہے ہیں،” زیمپ نے اے ایف پی کو بتایا، اور مزید کہا کہ گلیشیئرز کا یہ نقصان میٹھے پانی کی فراہمی پر بھی اثر ڈال سکتا ہے، خاص طور پر وسطی ایشیا اور وسطی اینڈیز جیسے علاقوں میں جہاں پانی کا زیادہ تر انحصار گلیشیئرز پر ہے۔

تحقیق کے مطابق، 21ویں صدی کے آغاز سے اب تک دنیا کے گلیشیئرز تقریباً 5 فیصد حجم کھو چکے ہیں، البتہ علاقائی طور پر مختلف نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔ مثال کے طور پر، انٹارکٹیکا میں 2 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ یورپی الپس کے گلیشیئرز 40 فیصد تک کم ہو چکے ہیں۔

اوسطاً ہر سال 273 ارب ٹن برف پگھل رہی ہے، جو دنیا کی آبادی کے 30 سال کے پانی کے استعمال کے برابر ہے۔

یہ تحقیق ورلڈ گلیشیئر مانیٹرنگ سروس (WGMS)، یونیورسٹی آف ایڈنبرا، اور ارتھ ویو ریسرچ گروپ کی مشترکہ کاوش ہے، جو عالمی سطح پر برف کے نقصان پر نظر رکھنے کا ایک جامع حوالہ فراہم کرتی ہے۔

یونیورسٹی آف ایکسیٹر کے پروفیسر مارٹن سیگرٹ، جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھے، نے ان نتائج پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق، برف کی تیزی سے کمی انٹارکٹیکا اور گرین لینڈ کے آئس شیٹس کے ردعمل کو سمجھنے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔

“آئس شیٹس اب اس رفتار سے برف کھو رہی ہیں جو 30 سال پہلے کی نسبت چھ گنا زیادہ ہے۔ جب ان میں تبدیلی آتی ہے، تو ہم سینٹی میٹر کے بجائے میٹرز میں اضافے کی بات کرتے ہیں،” سیگرٹ نے خبردار کیا۔

زیمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلیشیئرز کے نقصان کو روکنے کے لیے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی ناگزیر ہے۔

“اگر ہم دنیا کے گلیشیئرز کو بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہوگا،” انہوں نے کہا۔

“ہر دسواں حصہ درجہ حرارت میں کمی انسانی جانوں، معیشت، اور قدرتی وسائل کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔”


اپنا تبصرہ لکھیں