پی ٹی آئی کی جانب سے ٹیکساس میں یوم شہداء کے موقع پر مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات کا انعقاد
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ٹیکساس:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اپیل پر 26 نومبر کے اسلام آباد سانحے کے سوگ میں ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور عہدیداران نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ڈیلس میں مرکزی تعزیتی اجتماع پی ٹی آئی نارتھ امریکہ ریجن کے کوآرڈینیٹر ندیم زمان کی قیادت میں منعقد ہوا۔ تقریب کا آغاز پی ٹی آئی ڈیلس کی کوآرڈینیٹر لبنا خان نے کیا، جس میں 26 نومبر کو اسلام آباد میں شہید ہونے والے کارکنان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ندیم زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا: “ہم اسلام آباد کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے انصاف کےحصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان مظلومکارکنان کو انصاف دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔”
تعزیتی اجلاس میں لوزیانا سے پی ٹی آئی کے سابق کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ہانی نے پی ٹی آئی کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکن آج یوم شہداء کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے یہاں موجود ہیں۔ پی ٹی آئی ڈیلس کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سرفراز خان نے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں آئین کی حکمرانی اور عوامی مرضی کا احترام ہو۔
نعمان خان نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر عرفان نے بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حمایت اور پی ٹی آئی کی جدوجہد کو جاری رکھنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر قاسم ممتاز نے کہا کہ آج کے مشکل وقت میں پی ٹی آئی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو بیرون ملک مقیمپاکستانیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے، ہمیں متحد رہنا ہوگا
دوسری جانب فورٹ ورتھ میں قاضی لطیف کی رہائش گاہ پر ایک علیحدہ تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں قاضی لطیف، شعیب خان اور حافظ عمر فاروق نے خطاب کیا۔
مقررین نے اسلام آباد کے سانحے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لاپتہ کارکنان کو بازیاب کرایا جائے اور گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ جسطرح بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ججوں پر مشتمل ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سانحے کی تحقیقات کی جا سکیں۔ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے حقائق سامنے لانے، گرفتار کارکنان کی فوری رہائی، اور بے بنیاد مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ تعزیتی اجتماعات سے قبل قران خوانی اور بعدازاں دعائیہ تقریب میں میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں، کارکنان، اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی اور اتحاد و جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔