ٹیکساس میں پی ٹی آئی کے حامیوں کا احتجاجی مظاہرہ: “جمہوریت ہی پاکستان کا واحد راستہ ہے” – مقررین


ٹیکساس میں پی ٹی آئی کے حامیوں کا احتجاجی مظاہرہ: “جمہوریت ہی پاکستان کا واحد راستہ ہے” – مقررین

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس، ٹیکساسپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفادار کارکنوں اور بانی اراکین نے پارٹی کے بانی کی اپیل پر ٹیکساس بھر میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ ان مظاہروں میں پی ٹی آئی کے دیرینہ حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پارٹی کے نظریے کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ ڈیلس میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی نارتھ امریکہ کے کوآرڈینیٹر ندیم زمان نے مختصر وقت میں کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھر میں، خاص طور پر ڈیلس میں، پی ٹی آئی کے کارکنان گزشتہ 14 سالوں سے ہر موقع پر پارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، اور یہی جذبہ تحریک کو مزید آگے لے کر جائے گا۔ مقررین میں سے وقار خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے واضح اکثریت حاصل کی تھی، مگر فارم 45 کے مطابق عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ حسن صدیقی اور نوشین مغل نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ “حقیقی جمہوریت ہی پاکستان کے لیے واحد راستہ ہے، جبکہ عوام پر زبردستی ایک ناکام حکومت مسلط کرنا کسی کے مفاد میں نہیں۔”

احتجاج کے دوران بانی پی ٹی آئی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ منتظمین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی سمیت سینکڑوں کارکنوں کو سیاسی بنیادوں پر غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے، جو جمہوری اصولوں کے سراسر خلاف ہے۔ پی ٹی آئی کے دیرینہ حامیوں کی بڑی تعداد اس احتجاجی ریلی میں شریک ہوئی اور عزم کیا کہ وہ تحریک انصاف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لیے مقامی تاجر عباس خان کی جانب سے ایک ٹرک عطیہ کیا گیا، جس پر کئی ویڈیو اسکرینز نصب کی گئیں تاکہ پی ٹی آئی کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ کی جنرل سیکریٹری روبینہ شاہین نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا اور کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہا۔ احتجاج میں شامل افراد نے کہا کہ پاکستانی عوام حقیقی جمہوریت اور اپنے حقوق کے لیے متحد ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر اپنی آواز دبانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

دوسری جانب، کیرالٹن میں ، پی ٹی آئی کے ایک اور گروپ نے ایک ریسٹورینٹ کی پارکنگ لاٹ میں احتجاج کیا، جہاں مظاہرین نے اپنا مؤقف پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرے اس بات کی علامت ہیں کہ پی ٹی آئی امریکہ میں بھی مضبوط حمایت رکھتی ہے، اور پارٹی کے کارکنان پاکستان میں جمہوری اقدار کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں