لاہور میں شدید بارش اور طوفان کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کا پی ایس ایل 10 کا میچ منسوخ


لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ جمعرات کو منسوخ کر دیا گیا۔

دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود قلندرز اور گلیڈی ایٹرز کے پاس دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹاپ پوزیشن پر گرفت ختم کرنے کا موقع تھا لیکن دونوں سابق چیمپئنز کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

نتیجے کے طور پر، قلندرز اور گلیڈی ایٹرز بالترتیب نو نو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر برقرار رہے۔

قلندرز کا اگلا مقابلہ اتوار کو کراچی کنگز سے ہوگا، جبکہ گلیڈی ایٹرز کا اگلا میچ ہفتہ کو ہولڈرز یونائیٹڈ کے خلاف شیڈول ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز نے 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے کہ قذافی اسٹیڈیم میں شدید گرد و غبار کا طوفان آ گیا جس کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔

گرد و غبار کے طوفان کے بعد ہلکی لیکن مسلسل بارش ہوئی جس کے نتیجے میں بالآخر میچ منسوخ کر دیا گیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کی اننگز کا آغاز ناخوشگوار رہا جب خرم شہزاد نے ان کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان کو اننگز کی تیسری ہی گیند پر صفر پر بولڈ کر دیا۔

ابتدائی ہچکچاہٹ کے بعد، عبداللہ شفیق نے محمد نعیم کا ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر سنچری سے زائد کی شراکت قائم کرتے ہوئے شاندار واپسی کی۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز جوڑے یہاں تک کہ نعیم بالآخر ابرار احمد کا شکار بن گئے۔ انہوں نے 30 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

ابرار نے اپنے اگلے اوور میں ایک اور وکٹ حاصل کی، ڈیرل مچل کو تین رنز پر آؤٹ کیا اور اس کے نتیجے میں قلندرز 11.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز پر پہنچ گئے تھے کہ گرد و غبار کے طوفان نے کھیل میں مداخلت کی۔

عبداللہ شفیق 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جس میں تین چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔

گلیڈی ایٹرز کے لیے ابرار نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شہزاد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں