ہیوسٹن میں حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر ڈاؤن ٹاؤن ہیوسٹن میں جلوس برآمد


ہیوسٹن میں حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر ڈاؤن ٹاؤن ہیوسٹن میں جلوس برآمد

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ہیوسٹن، ٹیکساس  میں حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں درعباس سنٹر ہیوسٹن ، انجمن غلامان عباس کے زیرِ انتظام شھادت امیر المومنین علی علیہ السلام کی مناسبت سے جلوس نکالا گیا، جو ڈاؤن ٹاؤن سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں پر گشت کرتا ہوا مئیر آفس کے قریب واقع پارک میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں شہر بھر کی ماتمی انجمنوں نے نوحہ خوانی کی اور عزاداران نے نبی اکرمﷺ کے داماد حضرت علی علیہ السلام اور اہلبیت اطہار کو پرسہ پیش کیا۔ مجلس عزا سے مولانا وسیم عباس نے  حضرت علی علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کی ولادت کعبہ میں ہوئی اور شہادت مسجد میں۔ آپ نے بچپن میں ہی اسلام قبول کیا اور ساری زندگی ﷲ اور اس کے رسول کی محبت و اطاعت میں گزاری۔ جلوس میں مرد و خواتین عزاداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نوحہ خوانوں کے ہمراہ ماتم اور سینہ زنی کے ذریعہ اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ معروف نوحہ خواں سید رضی حیدر، علی عباس، اور شکیل رضا نے پرسوز نوحے پیش کیے جبکہ غلام رضا اور سید ناصر عباس نے سلام پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف امام بارگاہوں میں بھی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ مولانا وصی حیدر زیدی نے مرکزی امام بارگاہ المرتضیٰ میں رمضان کی مجلس سے خطاب کیا، جبکہ مسجد علی (علی سینٹر) میں مولانا قاری ڈاکٹر ابرار حسین نے مجلس عزا سے خطاب فرمایا۔ انکا کہنا تھا کہ علمائے کرام نے مزید کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیا اور باطل سے مصالحت نہ کی۔ ہر معرکہ، ہر میدان اور ہر امتحان میں صبر و استقامت کا پہاڑ بنے رہے۔ آپ کی بہادری اور جرات اہلِ اسلام کے لیے مینارۂ نور ہے۔

Screenshot


اپنا تبصرہ لکھیں