محکمہ موسمیات کی مئی میں پہلی ہیٹ ویو کی پیش گوئی، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت


محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے بدھ کو پیش گوئی کی کہ مئی کی پہلی ہیٹ ویو آج سے شروع ہو گی اور اگلے تین سے چار دن تک جاری رہے گی۔

محکمے نے پیش گوئی کی کہ 15 تاریخ کو ملک کے بیشتر حصوں پر ہائی پریشر کا امکان ہے۔

اس موسمی صورتحال کے زیر اثر، 15 سے 20 مئی تک جنوبی نصف (سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

مزید برآں، 15 سے 19 تاریخ تک بالائی نصف (وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ 19 مئی کی شام یا رات کو ملک کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہونے کی توقع ہے۔

اس سسٹم کے زیر اثر 19 سے 20 مئی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھو ہار کے علاقے بشمول شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور گرج چمک (بعض مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری) کا امکان ہے۔

ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر

عام عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو ملک میں ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی میں نکلنے سے گریز کریں اور جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔

کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی سرگرمیاں منظم کریں اور اپنے مویشیوں کا بھی خیال رکھیں۔

پیش گوئی کی مدت کے دوران شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے برف پگھلنے کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کا دانشمندانہ استعمال کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔

مزید برآں، پی ایم ڈی نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے باعث کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں