ڈیلس میں پاکستانی سیاسی رہنماؤں کا ’اسٹینڈ وتھ پاکستان‘ پلیٹ فارم قائم
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس: ڈیلس میں پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی، سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے امریکی سیاست میں پاکستانی معاملات میں مداخلت اور پاکستان مخالف تنظیموں کے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کو “اسٹینڈ وتھ پاکستان” کا نام دیا گیا ہے۔
مشترکہ اجلاس میں طے پایا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کے حق میں ایک مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ امریکی کانگریس اور سینیٹ کے ان اراکین کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں یا پاکستان کے حوالے سے غلط بیانی کا شکار ہیں۔
اجلاس میں ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے بورڈ ممبر سید فیاض حسن، پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر اورسیز کے صدر عابد ملک، پاکستان پیپلز پارٹی امریکہ کے سینیر نائب صدر امتیاز پیرزادہ مسلم لیگ ٹیکساس کے صدر سبیل عباسی، ڈیلس پیس اینڈ جسٹس سینٹر کے صدر آفتاب صدیقی، نعیم چوہدری، عامر میمن، افتخار درپن، اشفاق چوہدری، اور محمد اے بھٹی نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ 8 دسمبر کو ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں کینڈی میوزیم کے سامنے، گراسی نول پر شام 2 سے 4 بجے تک مظاہرہ کیا جائے گا۔جسکا ایڈریس
The Grassy Knoll
411 Elm St, Dallas, TX 75202
مظاہرے کا مقصد ان اراکین کانگریس اور سینیٹ کے خلاف احتجاج کرنا ہے جو پاکستانی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں اور پاکستان کا منفی چہرہ پیش کر رہے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ اسٹینڈ وتھ پاکستان‘ کا وسیع مقصد اس پلیٹ فارم کے ذریعے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں محب وطن پاکستانیوں کو متحرک کرنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے نہ صرف کمیونٹی کو متحرک کیا جائے گا بلکہ پاکستان کے امریکہ میں خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کا بھی مؤثر جواب دیا جائے گا۔
مزید یہ کہ کانگریس اور سینیٹ کی فارن ریلیشن کمیٹی کے اراکین کو خطوط ارسال کیے جائیں گے تاکہ انہیں پاکستان کے حوالے سے انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا جا سکے۔ ’اسٹینڈ وِد پاکستان‘ کے رہنماؤں نے عزم کیا کہ یہ پلیٹ فارم امریکہ میں پاکستان کے وقار اور مثبت تشخص کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔