پاکستانی خواتین کی شاندار کارکردگی، ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست


پاکستانی خواتین نے کم اسکور والے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پیر کے روز کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دے کر اپنی مسلسل تیسری فتح درج کی۔

پاکستانی خواتین کی ٹیم نے سدرہ امین کی 54 رنز کی اہم اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 192 رنز کا ہدف دیا۔ اوپننگ بیٹر منیبہ علی نے 60 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جس کے بعد سدرہ نواز نے 23 اور عالیہ ریاض نے 20 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیلی میتھیوز، کرشمہ رام ہراک اور افی فلیچر نے تین پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجا، جبکہ اشمینی منیسر اور عالیہ ایلین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تاہم، ویسٹ انڈیز کی بیٹرز بیٹنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں اور انہوں نے اپنی اننگز محض 126 رنز پر ختم کر دی، ان کی ٹاپ اسکوررز عالیہ ایلین اور شبیکا گجنابی تھیں جنہوں نے بالترتیب 22 اور 21 رنز بنائے۔

کپتان ثناء نے دیگر باؤلرز کے ساتھ تین وکٹیں حاصل کر کے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے رمین شمیم اور نشرہ سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال نے ایک بیٹر کو آؤٹ کیا۔

امین کو اس شاندار فتح میں ان کے کردار پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا ہے۔

اس فتح نے میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی شمولیت کے امکانات کو بڑھا دیا ہے۔

اس فتح سے قبل پاکستان نے کوالیفائرز کے پچھلے میچوں میں آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کو بھی شکست دی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں