ڈیلس: پاکستان کی جیت کی خوشی میں پاکستان سوسائٹی کا “یومِ تشکر” پروقار تقریب کا انعقاد


ڈیلس: پاکستان کی جیت کی خوشی میں پاکستان سوسائٹی کا  “یومِ تشکر”  پروقار تقریب کا انعقاد

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس، ٹیکساس : پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس (PSNT) نے ڈیلس میں “یومِ تشکر” کی ایک باوقار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی اراکین نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل جناب آفتاب چوہدری تھے۔

اس تقریب کا مقصد وطن عزیز کی سالمیت، خودمختاری اور حالیہ کامیابیوں پر شکر ادا کرنا اور کمیونٹی میں جذبۂ حب الوطنی کو مزید تقویت دینا تھا۔ قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے اپنے خطاب میں کشمیر میں بھارتی مظالم، انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی، اور نو لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی جیسے سنگین معاملات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پر یقین رکھتے ہیں، لیکن ہماری پاک افواج ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پاکستانی قوم کی محافظ ایک مضبوط دیوار بن کر کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا: “ہم پاکستان سے ہیں، اور اگر ہماری نسلیں دو سو سال بھی یہاں گزار دیں، تب بھی ان کی پہچان پاکستان ہی سے جُڑی رہے گی۔” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سوسائٹی کے صدر، اٹارنی نعیم سکھیا نے کہا کہ پاکستان سوسائٹی ڈیلس میں مقیم قدیمی پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے، جو مقامی پاکستانیوں کی فلاح و بہبود میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سوسائٹی چاہتی ہے کہ پاکستانی نژاد نوجوان امریکی اس مشن میں شامل ہوں اور نئی سوچ، تخلیقی آئیڈیاز اور جدید رجحانات کے ساتھ کمیونٹی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز ڈاکٹر ریاض حیدر نے کہا کہ پاکستان کی فتح نے دنیا بھر میں ملک کا وقار بلند کیا۔ بورڈ کے سینئر رکن و سابق صدر عابد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے جنگ چھیڑنے کی ناپاک کوشش کی، لیکن صرف ایک گھنٹے میں پسپا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے نہ صرف قوم کا سر فخر سے بلند ہوا بلکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں نے بھی فخر محسوس کیا، اور وہ پاک افواج کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان قونصلیٹ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی سلمان رضا نے اعلان کیا کہ پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے ڈیلس میں بہت جلد ایک خصوصی نمائش (ایگزیبیشن) کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ مقامی کاروباری افراد اور کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کار اور  ترقی کے  مواقع فراہم کیے جا سکیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی پاکستانی کو پاکستان میں کاروباری مواقع یا معلومات درکار ہوں تو قونصلیٹ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ تقریبمیں نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا تعارف بھی کرایا گیا، جس میں شامل ہیں نومنتخب صدر نعیم سکھیا، سینئر نائب صدر: عابد بیگ، نائب صدر: اشرف موٹن ، سیکریٹری جنرل: امین جیوانی ، جوائنٹ سیکریٹری: نازیہ خان ، خزانچی مشتاق علی ، جوائنٹ خزانچی: جیا احمد، انفارمیشن سیکریٹری شازیہ خان جبکہ بورڈ آف ٹرسٹیز میں چیئرمین: ڈاکٹر ریاض حیدر، اراکین میں برکت علی بسیریا، امیرعلی روپانی،، عابد ملک ، سلمان تبانی (سابق صدر) بھی اسوقت موجود تھے، پروگرام کی نظامت کے فرائض کرن حیات نے بہت خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے۔  پروگرام کے آخر میں ملی نغمے پیش کیے گئے، جن پر حاضرین جھوم اٹھے اور فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ڈیلس میں ہونے والی اس  شاندار تقریب نے ثابت کر دیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نہ صرف اپنے وطن سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، بلکہ وہ ہر میدان میں اس کے سچے سفیر بھی ہیں۔ یہ یومِ تشکر صرف ایک تقریب نہیں، بلکہ حب الوطنی، اتحاد اور یکجہتی کا زندہ ثبوت تھا، جس کی بازگشت سرحدوں سے نکل کر دنیا بھر میں سنائی دی۔

Screenshot
Screenshot
Screenshot
Screenshot
Screenshot
Screenshot

اپنا تبصرہ لکھیں