پاکستان میں پہلی پولیو مہم کا آغاز 1994ء میں شہید بینظیر بھٹو نے کیا: شیری رحمٰن


پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 1994ء میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کیا تھا۔

شیری رحمٰن نے پولیو کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پولیو کےخلاف قوم کو متحد دیکھنا چاہتی تھیں، اُنہوں نے اپنی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پیغام دیا کہ ویکسین محفوظ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا ہے، رواں سال پولیو کے کیس تشویش ناک حد تک بڑھ رہے ہیں، اس سال اب تک 40 پولیو کے کیسز کی تصدیق ہو چُکی ہے۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ حالیہ مہینے میں 10 لاکھ سے زائد بچے پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پولیو کو شکست دینے کے لیے ہر بچے تک ویکسین پہنچانا نہایت ضروری ہے، والدین سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے بر وقت پلائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں