محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی


محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے بالائی فضا میں 13 اپریل سے ایک ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث ملک میں آئندہ سے ہیٹ ویو کی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان سمیت جنوبی علاقوں میں 14 اپریل سے شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔

ان علاقوں میں دن کے درجہ حرارت 13 سے 18 اپریل تک معمول سے 6-8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتے ہیں۔

شمالی اور وسطی حصوں — بشمول بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر — میں 14 سے 18 اپریل تک درجہ حرارت معمول سے 4-6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

متوقع مدت کے دوران رات کے درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

شدید گرمی کے باعث گرد آلود طوفان اور آندھی بھی آسکتی ہے، جس سے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز جیسے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

عام عوام، خاص طور پر بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور اپنے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔

کسانوں پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کی سرگرمیوں، خاص طور پر گندم کی کٹائی کو پیش گوئی کے مطابق منظم کریں اور مویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث 14 سے 18 اپریل کے درمیان برف پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں