پاکستان نے ملک میں ہونے والی سالانہ بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کے لیے 6,500 سے زائد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔
سکھ تہوار اس سال 10 سے 19 اپریل تک پاکستان میں منعقد ہونا شیڈول ہے۔ ویزے پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے خیر سگالی کے جذبے کے تحت جاری کیے گئے۔
بھارتی یاتری پاکستان میں اپنے قیام کے دوران گردوارہ پنجہ صاحب، گردوارہ ننکانہ صاحب اور گردوارہ کرتار پور صاحب سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارت کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، چارج ڈی افیئرز سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بڑی تعداد میں ویزوں کا اجراء اسلام آباد کی لوگوں، ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور افہام و تفہیم کو بڑھانے کی پالیسی کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مقدس اور مذہبی مقامات کے ایسے دوروں میں سہولت فراہم کرنا جاری رکھے گا۔
ہر سال، بھارت سے بڑی تعداد میں یاتری 1974 کے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پاکستان-بھارت پروٹوکول کے تحت مختلف مذہبی تہواروں اور مواقع کی زیارت کے لیے پاکستان آتے ہیں۔