پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ مفاہمت جمعرات کو ابوظہبی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ملاقات کے دوران ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات پر زور دیا گیا، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر مبنی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے وسیع دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں متحدہ عرب امارات کی تعمیری کردار پر یو اے ای کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے خطے میں امن، مکالمے اور استحکام کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار اور تمام سطحوں پر جاری روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے دورے کی اپنی سابقہ دعوت کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔