ویلنگٹن:
نیوزی لینڈ کے ماؤنٹ ٹاریناکی کو اب ایک قانونی شخص کی طرح حقوق حاصل ہوں گے۔ یہ فیصلہ طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے، جس کے تحت اس پہاڑ کو اپنی ملکیت پر کنٹرول حاصل ہوگا۔
یہ معاہدہ مقامی ماؤری عوام کو نوآبادیاتی دور میں ہونے والے ظلم کا معاوضہ دینے کے لیے کیا گیا ہے، جس میں ان کی زمینوں کی بڑے پیمانے پر ضبطی شامل ہے۔
اس معاہدے کے مطابق ماؤنٹ ٹاریناکی کی نگرانی اور حفاظت مقامی قبائل (آئی وائی)، حکومت اور دیگر نمائندوں کے ذریعے مشترکہ طور پر کی جائے گی۔
پال گولڈسمتھ، وزیر برائے مذاکرات، نے ایک بیان میں کہا، “ہمیں ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیے تاکہ ہم مستقبل میں آئی وائی کی خواہشات اور مواقع کو سپورٹ کرسکیں۔”
نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ نے ٹاریناکی ماؤنٹ کلیکٹیو ریڈریس بل جمعرات کو منظور کیا ہے، جس کے تحت ماؤنٹ ٹاریناکی کو قانونی شخصیت دی گئی ہے۔ اس قانون کے تحت نہ صرف ماؤنٹ ٹاریناکی کی حفاظت کی جائے گی بلکہ اس کے ارد گرد کے پہاڑوں اور زمینوں کی بھی حفاظت کی جائے گی۔
یہ قانون ماؤری کے نظریے کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ قدرتی خصوصیات جیسے پہاڑ صرف جغرافیائی نشان نہیں ہیں بلکہ انہیں آبا اجداد اور جاندار مخلوق سمجھا جاتا ہے۔
ماؤنٹ ٹاریناکی نیوزی لینڈ کا پہلا قدرتی مقام نہیں ہے جسے قانونی شخصیت دی گئی ہے۔ اس سے پہلے یوریویرا جنگل اور واہانگنوی دریا کو بھی یہ شناخت دی جا چکی ہے۔