ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سیارچے کے ٹکرانے سے پہلے ڈائنوسار زوال پذیر نہیں تھے، بلکہ ناقص فوسلائزیشن کے حالات اور کریٹاسیئس دور کے اواخر کی غیر محفوظ چٹانی تہوں کا مطلب ہے کہ وہ یا تو محفوظ نہیں ہیں یا انہیں تلاش کرنا مشکل ہے۔
لائیو سائنس کی رپورٹ کے مطابق، فوسل کی دریافتوں سے طویل عرصے سے یہ اشارہ ملتا رہا ہے کہ کریٹاسیئس دور کے اختتام پر سیارچے کے ٹکرانے سے پہلے ڈائنوساروں کی تعداد اور تنوع میں کمی واقع ہو رہی تھی۔
کچھ محققین کا پہلے یہ ماننا تھا کہ یہ اس بات کی علامت تھی کہ ڈائنوسار ایک خلائی چٹان سے تباہ کن تصادم سے پہلے ہی معدومیت کی طرف گامزن تھے۔ تاہم، دیگر محققین کے اس استدلال کے ساتھ کہ ان کی موت کے وقت ڈائنوساروں کا تنوع بالکل ٹھیک تھا، یہ خیال طویل عرصے سے متنازعہ رہا ہے۔
منگل کے روز جرنل کرنٹ بیالوجی میں شائع ہونے والی نئی تحقیق میں تجویز کیا گیا ہے کہ ان کی معدومیت سے پہلے ڈائنوساروں کی ظاہری نایابی محض ناقص فوسل ریکارڈ کی وجہ سے ہو سکتی ہے۔
سائنسدانوں نے شمالی امریکہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 8,000 فوسلز کے ریکارڈ کا مطالعہ کیا جو کیمپینین دور (83.6 ملین سے 72.1 ملین سال پہلے) اور ماسٹریکٹین دور (72.1 ملین سے 66 ملین سال پہلے) کے تھے۔ انہوں نے چار خاندانوں پر توجہ مرکوز کی: انکائیلوسوریڈی، سیراٹوپسیڈی، ہیڈروسوریڈی اور ٹائرننوسوریڈی۔
ان کے تجزیے نے بظاہر طور پر ظاہر کیا کہ ڈائنوساروں کا تنوع تقریباً 76 ملین سال پہلے عروج پر تھا، پھر سیارچے کے ٹکرانے تک سکڑتا گیا جس نے غیر ایویئن ڈائنوساروں کو ختم کر دیا۔ ارضیاتی ریکارڈ میں چاروں خاندانوں کے فوسلز کی تعداد میں کمی کے ساتھ، یہ رجحان بڑے پیمانے پر معدومیت سے 6 ملین سال پہلے اور بھی زیادہ واضح تھا۔
تاہم، محققین نے پایا کہ ماحولیاتی حالات یا دیگر عوامل کا کوئی اشارہ نہیں ہے جو اس زوال کی وضاحت کر سکے۔