اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کو ڈی سیٹ کر دیا۔
عادل بازئی عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے تھے۔ ان کی نشست آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت خالی قرار دینے کی درخواست دی گئی تھی۔ یہ ریفرنس پارٹی صدر نواز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا تھا۔
عادل بازئی پر الزام تھا کہ انہوں نے بجٹ سیشن کے دوران پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کی اور 26ویں آئینی ترمیم پر ووٹ نہیں دیا، جسے الیکشن کمیشن نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی قرار دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام اراکین پارلیمنٹ پر لازم ہے کہ وہ پارٹی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔
عادل خان بازئی قومی اسمبلی حلقہ 262 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے اور بعد میں حکومتی بینچز چھوڑ کر اپوزیشن بینچز پر بیٹھ گئے تھے۔ 18 فروری کو مسلم لیگ (ن) اور 20 فروری کو سنی اتحاد کونسل نے عادل بازئی کی پارٹی شمولیت سے متعلق سرٹیفکیٹ جمع کرائے تھے۔