محکمہ موسمیات نے ملک میں یکم جولائی سے 30 ستمبر تک مون سون بارشوں کی رپورٹ جاری کردی ہے۔
کراچی سے محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون میں بحیرہ عرب میں بننے والا اسنیٰ ایک نایاب سمندری طوفان تھا، روں سال ملک بھر میں مون سون کی بارشیں اوسط سے51 فیصد زیادہ رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مون سون کی معمول کی اوسط بارشوں کا ریکارڈ 212 ملی میٹر ہے۔ مون سون بارشیں بلوچستان میں معمول سے 111 فیصد، سندھ 108 فیصد، پنجاب میں 48 فیصد سے زائد رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارش معمول سے 05 فیصد کم رہی۔ جبکہ گلگت بلتستان میں اوسط 02 فیصد زیادہ رہی، آزاد جموں و کشمیر میں اوسط سے 21 فیصد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور سندھ میں مون سون 2024 کی بارشیں نمایاں طور پر زیادہ رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون میں پاکستان کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 30.59 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ رواں سال مون سون میں اوسط درجہ حرارت سے 0.71 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا۔
گزشتہ 64 برسوں میں رواں سال مون سون کے دوران چوتھی مرتبہ درجہ حرارت زائد ریکارڈ ہوا۔ پہلا ریکارڈ 2019 کا ہے جب درجہ حرارت 30.63 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اگست کو لاہور ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ایک روز میں ریکارڈ ہوئی۔ یہ بارش ایک روز کے دوران ملکی سطح پر سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں رواں سال ماہ اگست کے دوران کل 603 ملی میٹر بارش ہوئی۔ لاہور میں مون سون سیزن کے دوران 951.1 ملی میٹر بارش ہوئی۔