ڈیلس کی یومِ تشکر تقریب میں الطاف حسین سے متعلق متنازعہ ویڈیو پر ایم کیو ایم کا سخت ردعمل ،منتظمین نے وضاحت دی، ڈاکومنٹری سے لاتعلقی کا اظہار
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
لندن / ڈیلس : امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں 23 مئی 2025 کو ایک “یومِ تشکر” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ یہ تقریب بظاہر کمیونٹی کے اتحاد اور وطن سے وابستگی کے اظہار کے لیے منعقد کی گئی تھی، تاہم اختتام پر دکھائی گئی ایک متنازعہ ڈاکومنٹری نے تقریب کی فضا کو سنجیدہ اور حساس بنا دیا۔
ڈاکومنٹری میں بلوچستان سے متعلق کچھ مناظر کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” سے منسوب کرنے کی کوشش کی گئی، جسے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے نہایت سخت الفاظ میں مسترد کیا اور اسے مہاجر قیادت کے خلاف منظم کردار کشی قرار دیا۔ تقریب کے بعض شرکاء نے بھی اس مواد کو نامناسب اور ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
ایم کیو ایم کا مؤقف: “یہ مہاجر قوم کی توہین ہے”
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے اس واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف جناب الطاف حسین کی شخصی تضحیک ہے بلکہ اس کے ذریعے لاکھوں مہاجروں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے منعقدہ ہنگامی ویڈیو بریفنگ میں ڈپٹی کنوینر ریحان عبادت، رکن رابطہ کمیٹی سید عاطف شمیم، سینٹرل آرگنائزر مطلوب زیدی اور جوائنٹ آرگنائزر یوسف سعید نے شرکت کی اور اس عمل کو “کھلی مہاجر دشمنی” قرار دیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جناب الطاف حسین ہمیشہ قومی یکجہتی، سچائی، اور مصالحتکی بات کرتے رہے ہیں، لیکن حکومتی نمائندے بیرونِ ملک اپنے عہدوں کا استعمال سیاسی نفرت، تعصب اور مہاجر قیادت کی کردار کشی کے لیے کر رہے ہیں، جو نہ صرف کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے بلکہ قومی ہم آہنگی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
منتظمین کی وضاحت: “ڈاکومنٹری کا مواد ہمیں نہیں دکھایا گیا تھا”
اس ردعمل کے بعد جب تقریب کے منتظمین سے جاگو ٹائمز نے رابطہ کیا تو انہوں نے ڈاکومنٹری سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا:
“یہ ڈاکومنٹری ہماری ٹیم کی جانب سے تیار یا منتخب نہیں کی گئی تھی۔ قونصل جنرل آفتاب چوہدری خود یہ ویڈیو ساتھ لائے تھے اور ہمیں صرف یہ بتایا گیا تھا کہ یہ بھارتی جارحیت کے خلاف ایک معلوماتی ویڈیو ہے۔ ہمیں اس کے مندرجات کا پہلے سے علم نہیں تھا۔”
منتظمین نے مزید وضاحت دی کہ اگر انہیں معلوم ہوتا کہ ویڈیو میں کسی سیاسی جماعت یا شخصیت کو نشانہ بنایا جائے گا تو وہ ہرگز اسے تقریب کا حصہ نہ بننے دیتے۔
کمیونٹی میں بحث اور اضطراب
یہ واقعہ نہ صرف ایم کیو ایم بلکہ ڈیلس کی پاکستانی کمیونٹی کے کئی حلقوں میں افسوس اور اضطراب کا سبب بنا ہے۔ ایک طرف مہاجر کمیونٹی اسے اپنے وجود اور قیادت پر حملہ تصور کر رہی ہے، وہیں تقریب کے منتظمین اسے ایک غلط فہمی قرار دے رہے ہیں جو پیشگی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوئی۔
ایم کیو ایم نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور قونصل جنرل آفتاب چوہدری کے کردار کی تحقیقات کی جائیں تاکہ مستقبل میں بیرونِ ملک ایسے حساس معاملات میں شفافیت اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جا سکے۔
یوم تشکر کی جاگو ٹائمز میں لگنے والی رپورٹ کا لنک