ہندوستان ٹائمز کے مطابق، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ناگپور میں ہندو بالادستی کی حامی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، یہ انتہا پسند گروہ اقلیتوں کے خلاف تشدد میں ملوث ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وزیر اعظم مودی نے مہاراشٹر کے ناگپور میں ڈاکٹر ہیڈگیوار سمرتی مندر کا دورہ کیا اور آر ایس ایس کے بانی کیشو بالیرام ہیڈگیوار اور اس کے دوسرے سربراہ ایم ایس گولوالکر کی یادگاروں پر خراج عقیدت پیش کیا۔
آر ایس ایس کو وزیر اعظم مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا نظریاتی سرپرست سمجھا جاتا ہے۔ ہندو بالادستی کی یہ تنظیم بھارت کو اس کے آئین میں درج سیکولر ریاست کے بجائے ہندو قوم قرار دینے کی مہم چلاتی ہے۔
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت بھی تنظیم کے انتظامی ہیڈکوارٹر، سمرتی مندر میں وزیر اعظم مودی کے دورے کے دوران موجود تھے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ سنگھ کے پرتیپدا پروگرام کے ساتھ ہوا، جو گڈی پڈوا یعنی ہندو نئے سال کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے۔
تاہم، بزنس اسٹینڈرڈ نے آر ایس ایس کے رہنما سنیل امبیکر کے حوالے سے بتایا کہ مودی اس گروپ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم نہیں ہیں، کیونکہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے بھی اپنے دور حکومت میں ایسا کیا تھا۔