فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں سلمان مرزا کی چار وکٹوں اور عمر صدیق کی 46 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت لاہور ریجن بلیوز نے پشاور ریجنز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور ریجنز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ کپتان افتخار احمد (34) اور محمد ذوالکفل (32) نے کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن باقی بلے باز کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔
لاہور بلیوز کے سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ قاسم اکرم، نثار احمد اور محمد رضوان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور بلیوز کو ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا، جب عمران بٹ صرف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن عمر صدیق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کا ساتھ جنید علی نے دیا، جنہوں نے 30 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
پشاور ریجنز کے بولرز کوئی خاص تاثر نہ چھوڑ سکے۔ عثمان طارق نے ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ باقی بولرز وکٹ لینے میں ناکام رہے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے اختتام کے بعد، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے شروع ہوگا۔