مائیکروسافٹ نے پہلا کوانٹم کمپیوٹنگ چپ “میجرانا 1” (Majorana 1) پیش کر دیا ہے، جو ٹیکنالوجی کی دنیا کو کوانٹم کمپیوٹرز کے مزید قریب لے جانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
کوانٹم کمپیوٹنگ چپ کیا ہے؟
کوانٹم چپ ایک چھوٹا ہارڈ ویئر ہے جو کوانٹم میکینکس کے اصولوں کو استعمال کرتے ہوئے معلومات کو پروسیس کرتا اور پیچیدہ حسابات انجام دیتا ہے۔ اس کی رفتار اور صلاحیت عام کمپیوٹر چپس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔
یہ بڑی پیش رفت مائیکروسافٹ کی تقریباً دو دہائیوں پر مشتمل تحقیق کے بعد ممکن ہوئی، اور کمپنی کے مطابق، میجرانا 1 کی تیاری کے لیے ایک نئی مادی حالت (State of Matter) بنانا ضروری تھا، جسے “ٹاپولوجیکل اسٹیٹ” کہا جاتا ہے۔
نئی مادی حالت: ٹاپولوجیکل اسٹیٹ
ٹاپولوجیکل اسٹیٹ ایک منفرد مادی خاصیت ہے جو کسی مادے کے ساخت یا ترتیب سے جڑی ہوتی ہے، نہ کہ اس کے الگ الگ اجزا سے۔
یہ خاصیت مختلف تبدیلیوں کے باوجود برقرار رہتی ہے، جیسے کہ رسی میں لگی گرہ، جو اس وقت تک نہیں کھلتی جب تک اسے مکمل طور پر کھولا نہ جائے، چاہے اسے جتنا مرضی گھما لیا جائے۔
مائیکروسافٹ کا کوانٹم چپ “ٹاپولوجیکل کیوبٹس” استعمال کرتا ہے، جو کوانٹم کمپیوٹنگ کے بنیادی یونٹس ہیں۔ اس چپ کی تیاری میں انڈیم آرسینائیڈ (Indium Arsenide)، جو ایک سیمی کنڈکٹر ہے، اور ایلومینیم، جو ایک سپر کنڈکٹر ہے، شامل ہیں۔
کمپنی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا، “مخصوص مادے تیار کرنا اور ان سے انوکھے ذرات اور ٹاپولوجیکل اسٹیٹ تخلیق کرنا ایک پیچیدہ عمل ہے، اسی لیے زیادہ تر کوانٹم منصوبے دیگر اقسام کے کیوبٹس پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔”
کوانٹم کمپیوٹر بمقابلہ روایتی کمپیوٹر
ماہرین کا ماننا ہے کہ کوانٹم کمپیوٹرز مستقبل کی ٹیکنالوجی ہیں، کیونکہ وہ ایسے پیچیدہ مسائل حل کر سکتے ہیں جو روایتی کمپیوٹرز کے لیے مشکل ہیں۔
عام کمپیوٹر “بٹس” استعمال کرتے ہیں جو آن یا آف (0 یا 1) کی حالت میں ہو سکتے ہیں، جبکہ کوانٹم کمپیوٹرز “کیوبٹس” استعمال کرتے ہیں، جو بیک وقت دونوں حالتوں میں کام کر سکتے ہیں، جس سے ان کی پروسیسنگ پاور کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
میجرانا 1 عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا
مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ میجرانا 1 چپ فی الحال صارفین کو دستیاب نہیں ہوگی، کیونکہ اس کی پیداوار چھوٹے پیمانے پر ہو رہی ہے۔ کمپنی اس چپ کے اجزا خود امریکہ میں تیار کر رہی ہے، بجائے اس کے کہ کسی تیسرے فریق پر انحصار کرے۔
مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹیو نائب صدر، جیسن زینڈر کے مطابق، “ہم اس وقت تک کمرشل سطح پر دستیابی پر غور نہیں کریں گے جب تک ہمارے پاس چند سو کیوبٹس نہ ہوں۔”
اس دوران، مائیکروسافٹ مختلف یونیورسٹیوں اور قومی تحقیقی اداروں کے ساتھ مل کر میجرانا 1 پر مزید تحقیق کرے گا۔
میجرانا 1 کے اثرات: اسٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ
2024 میں کوانٹم کمپیوٹنگ ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کمپنی IonQ کے شیئرز میں 237% جبکہ Rigetti کے شیئرز میں تقریباً 1,500% اضافہ ہوا۔ ان دونوں کمپنیوں نے تیسرے سہ ماہی میں مجموعی طور پر 14.8 ملین ڈالر کا ریونیو حاصل کیا۔
مائیکروسافٹ کی Azure Quantum کلاؤڈ سروس، جو ڈویلپرز کو کوانٹم الگورتھمز اور پروگرامنگ کے تجربات کا موقع فراہم کرتی ہے، پہلے ہی IonQ اور Rigetti کے چپس تک رسائی فراہم کر رہی ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق، ممکن ہے کہ Azure کو 2030 سے پہلے مائیکروسافٹ کے اپنے کوانٹم چپ تک رسائی مل جائے۔
اس سے قبل، جنوری 2025 میں، مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ 2025 “کوانٹم کے لیے تیار ہونے کا سال” ہوگا۔