میکسیکن بحریہ کا ایک تربیتی جہاز ہفتے کے روز دیر گئے بروکلین برج سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس کے تینوں مستول ٹوٹ گئے اور نیویارک شہر کے اس مشہور زمانہ مقام سے تصادم میں کم از کم 22 افراد زخمی ہو گئے۔
خوشگوار موسم بہار کی شام سے لطف اندوز ہونے والے تماشائی خوفزدہ ہو کر دیکھتے رہے جب جہاز، جس کے بادبان لپٹے ہوئے تھے اور اس کی رگنگ میں تہوار کی روشنیاں لگی ہوئی تھیں، پل کے نیچے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ پل نے اس کے مستول کاٹ دیے اور وہ ایسٹ ریور میں جا گرے۔
میکسیکن بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ تربیتی جہاز پر سوار 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا، “کوئی اہلکار پانی میں نہیں گرا، اس لیے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی ضرورت نہیں پڑی،” یہ حادثہ کوہٹیموک تربیتی جہاز کے ساتھ پیش آیا۔
امریکی میڈیا کی کچھ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جب جہاز پل سے ٹکرایا تو ملاح رگنگ میں موجود تھے۔
دی نیویارک پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ متاثرین کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
متعدد امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس وقت کوہٹیموک پر تقریباً 200 افراد سوار تھے، یہ 1982 میں بنایا گیا ایک بارک تھا جس کی مستول کی اونچائی 48.2 میٹر (158 فٹ) تھی۔
میکسیکن بحریہ نے ایکس پر ایک الگ بیان میں کہا کہ کوہٹیموک اس وقت ایک تربیتی مشق پر تھا اور “حادثے” میں اسے نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا، “وزارت بحریہ اپنے اہلکاروں کی حفاظت، اپنے کاموں میں شفافیت اور میکسیکن بحریہ کے مستقبل کے افسران کی تربیت میں بہترین کارکردگی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔”